سام سنگ کا پہلا فولڈ ایبل فون ایک ہفتے کی دوری پر

12 فروری 2019
نومبر میں دکھائے سام سنگ فولڈ ایبل فون کی ایک تصویر — فوٹو بشکریہ سی نیٹ
نومبر میں دکھائے سام سنگ فولڈ ایبل فون کی ایک تصویر — فوٹو بشکریہ سی نیٹ

سام سنگ اپنے پہلے فولڈ ایبل فون کے حقیقی ڈیزائن کی پہلی جھلک اگلے ہفتے سامنے لارہی ہے۔

جنوبی کورین کمپنی نے اس حوالے سے ایک ٹیزر ویڈیو ریلیز کی جس میں 20 فروری کو 'فیوچر ان فولڈز' کے الفاظ سے فولڈ ایبل فون کی جھلک پیش کرنے کا عندیہ دیا گیا۔

اس ویڈیو میں ڈیوائس کا ڈیزائن ایک کتاب جیسا لگ رہا تھا۔

سام سنگ نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے فولڈ ایبل فون کا پروٹوٹائپ ڈیزائن پیش کیا تھا جو کہ کافی متاثر کن تھا مگر اسے تاریکی میں رکھا گیا تھا جس سے مکمل ڈیزائن سامنے نہیں آسکا جبکہ فیچرز کی تفصیلات بتانے سے بھی گریز کیا گیا۔

یہ تو ابھی واضح نہیں کہ 20 فروری کو فون کو باقاعدہ طور پر متعارف کرایا جائے گا یا اس بارے میں مزید تفصیلات بیان کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ 20 فروری کو سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 سیریز کے 3 یا چار فون متعارف کرائے جائیں گے اور اس موقع پر فولڈ ایبل فون کی پہلی جھلک بھی سامنے آئے گی۔

سام سنگ پہلے ہی اپنے فولڈ ایبل فون کو مستقبل کا موبائل قرار دے چکی ہے جو کہ کھلنے پر ٹیبلیٹ کی شکل جبکہ بند ہونے پر فون کی شکل اختیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

اگر اگلے ہفتے سام سنگ اسے باقاعدہ متعارف کراتی ہے تو یہ اس کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل فون ہوگا جو صارفین خرید بھی سکیں گے۔

اس کی قیمت کا ابھی واضح تعین کرنا تو ممکن نہیں مگر مختلف لیکس کے مطابق یہ کم از کم 1700 ڈالرز سے زیادہ ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں