ایرانی کمانڈر نے پاسداران انقلاب پر حملے کا الزام پاکستانی شہری پر لگادیا

اپ ڈیٹ 20 فروری 2019
پاسداران انقلاب کی بس پر خود کش حملے کی ذمہ داری جیش العدل نے قبول کی —فوٹو:اے ایف پی
پاسداران انقلاب کی بس پر خود کش حملے کی ذمہ داری جیش العدل نے قبول کی —فوٹو:اے ایف پی

ایران کی ایلیٹ فورس کے انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے پاسداران انقلاب کے اہلکاروں پر حملہ کرنے والا شخص ’پاکستانی‘ تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایلیٹ فورس کی نیوز ایجنسی ’سپاہ‘ نے بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پاکپور کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’خودکش حملہ آور کا نام حافظ محمد علی تھا جو پاکستان سے آیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاسداران انقلاب پرحملہ: ایران نے پاکستانی سفیر کو طلب کرلیا

واضح رہے کہ 13 فروری کو پاسداران انقلاب کے اہلکار صوبہ سیستان بلوچستان کے شہر خاش سے زاہدان جارہے تھے کہ ان کی بس کو خودکش بم سے نشانہ بنایا گیا۔

کمانڈر بریگیڈیئر جنرل نے کہا کہ ’دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ماڈل کی جانچ سے تحقیقات میں مثبت پیش رفت ہوئی‘۔

پاکپور کا کہنا تھا کہ ’دو روز قبل پہلا ثبوت وہ خاتون تھی جسے شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا اور اسی خاتون کی وجہ سے ہم دیگر تک پہنچے‘۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ’خودکش حملہ آور کے علاوہ اس کا ایک مشتبہ ساتھی بھی پاکستانی تھا‘۔

پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے دعویٰ کیا کہ ’مذکورہ حملہ 11 فروری کو اسلامی انقلاب کی 40ویں سالگرہ پر کیا جانا تھا لیکن سیکیورٹی فورسز نے تقریب کے لیے ’تمام تیاریاں‘ کی ہوئی تھیں‘۔

مزید پڑھیں: ایران میں فوجی پریڈ پر حملہ

واضح رہے کہ پاسداران انقلاب کی بس پر خودکش حملے کی ذمہ داری تنظیم 'جیش العدل' نے قبول کی تھی۔

دوسری جانب پاکستان نے سخت الفاظ میں حملے کی مذمت کی تھی اور حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔

اس حوالے سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے دہشت گردوں کے حملے کو ’خطے کی بعض خفیہ ایجنسیوں‘ کا کارنامہ قرار دیا تھا۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے بدلہ لینے کی قسم کھائی تھی اور کہا تھا کہ ’امریکا اور اسرائیل سمیت خطے میں بعض تیل بردار ریاستیں دہشت گردوں کو مالی امداد فراہم کرتی ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی ایران کو میزائل حملے کی دھمکی

یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں جنوب مغربی ایران میں فوجی پریڈ پر حملے میں پاسداران انقلاب کے 8 گارڈز سمیت 24 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔

ایران کے شہر اہواز میں 1980 میں عراق کے ساتھ جنگ کو 38 سال مکمل ہونے کے حوالے سے فوجی پریڈ جاری تھی، جس میں دہشت گردوں کے گروپ نے حملہ کردیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں