داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی برطانوی خاتون کی شہریت منسوخ

اپ ڈیٹ 21 فروری 2019
فیصلہ میرے اور میرے بچے کے لیے قدرےنا مناسب ہے—فوٹو: آئی ٹی وی نیوز
فیصلہ میرے اور میرے بچے کے لیے قدرےنا مناسب ہے—فوٹو: آئی ٹی وی نیوز

شام جا کر داعش میں شمولیت اختیار کرنے اور پھر لندن واپس آنے کی خواہش ظاہر کرنے والی برطانوی خاتون شمیمہ بیگم کی شہریت منسوخ کردی گئی۔

دی گارجین میں شائع رپورٹ کے مطابق سیکریٹری داخلہ ساجد جاوید نے شمیمہ بیگم کے اہلخانہ کو مراسلہ میں اطلاع دی کہ ’وہ داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی برطانوی شہری شمیمہ بیگم کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم جاری کر چکے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کی 3 لڑکیاں داعش میں شامل

انہوں نے کہا کہ ’شمیمہ بیگم کے والدین کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے اور وہ اس ملک کی شہریت حاصل کریں‘۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کے دفتر خارجہ نے مراسلہ جاری کیا کہ ’شمیمہ بیگم پیدائشی برطانوی شہری ہیں اور انہوں نے کبھی بنگلہ دیش کے لیے دوہری شہرت کے لیے درخواست نہیں دی‘

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارت خارجہ نے کہا کہ ’سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ انہیں بنگلہ دیش میں داخلے کی اجازت دی جائے‘۔

دوسری جانب شمیمہ بیگم نے برطانوی حکام کے فیصلے کو ’افسوسناک‘ قرار دیا۔

انہوں نے آئی ٹی وی نیوز کو بتایا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ میں کیا کہوں، مجھے ایسا لگتا ہے کہ مذکورہ فیصلہ میرے اور میرے بچے کے لیے نامناسب ہے‘۔

مزیدپڑھیں: خاتون کی بچوں کو چھوڑ کر داعش میں شمولیت

اس ضمن میں واضح رہے شمیمہ بیگم اور ان کی ساتھی اس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں جب وہ صرف 15 سال کی عمر میں مشرقی لندن کے علاقے بیتھنل گرین سے اپنی دوستوں کے ہمراہ فرار ہوگئی تھیں۔

ان کے فرار ہونے سے ایک سال قبل انہی کے اسکول سے تعلق رکھنے والی ایک اور لڑکی شرمیمہ بیگم نے بھی فرار ہو کر داعش میں شمولیت اختیار کی تھی۔

برطانیہ سے فرار ہو نے کے بعد برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹریو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے ملک واپس آنا چاہتی ہیں۔

آئی ٹی وی نیوز کے سیکیورٹی ایڈیٹر روہیت کچرو نے شام میں موجود پناہ گزین کیمپ میں شمیمہ بیگم کو مراسلے کی کاپی پیش کی۔

مراسلے کو دیکھ کر انہوں نے کہا کہ ’مراسلہ پڑھ کر دل برداشتہ ہوں، میرے اہل خانہ نے یقین دلایا تھا کہ واپسی آنے پر تمہیں کوئی مشکل نہیں ہوگی لیکن اب صورتحال ناقابل برداشت ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: 22 لاپتہ ہندوستانیوں کی داعش میں شمولیت

شمیمہ بیگم نے کہا کہ ’میرے شوہر ہالینڈ سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے مجھے ان کے اہل خانہ سے رابطہ کرنا چاہیے، ممکن ہے کہ مجھے ہالینڈ کی شہریت مل جائے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ’میرے شوہر ہالینڈ کی جیل میں اپنی سزا مکمل کررہے ہیں اور ان کی جیل سے واپسی تک وہ انتظار کریں گی‘۔

دوسری جانب شمیمہ بیگم کو شہریت سے محروم کرنے پر برطانوی سیکریٹری داخلہ ساجد جاوید کو لیبرپارٹی کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ برطانوی حکام کے مطابق تقریباً 900 برطانوی شہری جنگ میں شامل ہونے کے لیے شام اور عراق گئے جن میں سے 300 سے 400 افراد واپس لوٹ چکے ہیں جب کہ 40 کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: داعش میں شمولیت کا الزام، ہندوستانی خاتون گرفتار

برطانوی حکام کو گزشتہ ماہ تک تنازع کا شکار علاقے میں موجود 200 افراد کے زندہ ہونے کا یقین تھا۔

اس سلسلے میں اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر برائے سیکیورٹی بین ویلس کا کہنا تھا کہ ’انہیں اس بات پر تشویش ہے کہ شمیمہ بیگم کو اب بھی شام جانے پر کوئی افسوس نہیں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں