میکس ویل کی سنچری، آسٹریلیا کا بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش

28 فروری 2019
میکس ویل کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ — فوٹو بشکریہ کرک انفو ٹوئٹر اکاؤنٹ
میکس ویل کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ — فوٹو بشکریہ کرک انفو ٹوئٹر اکاؤنٹ

بنگلور: آسٹریلیا نے گلین میکس ویل کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش کردیا۔

بھارتی شہر بنگلور میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایرون فنچ کا یہ فیصلہ ان کے لیے بہتر ثابت نہ ہوسکا اور بھارتی بلے بازوں نے بیٹنگ وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریلین گیند بازوں کی درگت بنا ڈالی۔

بھارتی اوپنر شیکھر دھوان نے 14 رنز بنانے کے لیے 24 گیندوں کا سہارا ضرور لیا لیکن انہوں نے لوکیش راہل کے ساتھ مل کر ٹیم کو 61 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

لوکیش راہل نے 26 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر اپنے کپتان ویرات کوہلی کو سکون مہیا کیا جنہوں نے 72 اور ان کے ہمراہ سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے 40 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو 190 تک پہنچا دیا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کا بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فاتحانہ آغاز

آسٹریلیا کی جانب سے بہرینڈروف، کوٹرنائل، پیٹ کمنز اور ڈی آرسی شارٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور 13 کے مجموعے پر مارکس اسٹوئنس، جبکہ 22 کے مجموعے پر 8 رنز بنانے والے ایرون فنچ پویلین لوٹ چکے تھے۔

ایسے میں گلین میکس ویل نے اکیلے ہی ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا اور اپنے بلند و بالا اسٹروکس سے بھارتی گیند بازوں کے چھکے چھڑادیے۔

انہوں نے پہلے 40 رنز بنانے والے ڈی آسی شارٖٹ کے ساتھ 73 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جبکہ اس کے بعد انہوں نے صرف 20 رنز بنانے والے پیٹر ہینڈسکومب کے ساتھ 99 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔

آسٹریلیا نے بھارت کی جانب سے دیے گئے 191 رنز کے ہدف کو 3 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کیا۔

گلین میکس ویل کو میچ میں 9 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ جبکہ سیریز میں 169 رنز اسکور پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو آخری گیند پر 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں