'میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں اب مزید اداکاری نہیں کروں گی'

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2019
رونڈا راؤسی ڈبلیو ڈبلیو ای پر برس پڑیں — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
رونڈا راؤسی ڈبلیو ڈبلیو ای پر برس پڑیں — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

رونڈا راﺅسی ڈبلیو ڈبلیو ای را ویمن چیمپئن ہیں اور حالیہ ہفتوں میں انہوں نے کمپنی کے بارے میں چند دلچسپ بیانات دیئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے منڈے نائٹ را میں رونڈا نے بیکی لنچ پر حملہ کرکے پہلی بار خود کو 'ہیرو' سے 'ولن' بنایا اور اب وہ ڈبلیو ڈبلیو ای پر ہی برس پڑی ہیں۔

رونڈا راﺅسی ریسل مینیا 35 میں شیرولیٹ فلیئر اور ممکنہ طور پر بیکی لنچ (اگر وہ فاسٹ لین میں شیرولیٹ کو شکست دینے میں کامیاب ہوئیں) کے خلاف اپنی چیمپئن شپ کا دفاع کریں گی۔

اور اب اپنے یوٹیوب چینیل میں رونڈا راﺅسی نے ڈبلیو ڈبلیو ای اور اسے پسند کرنے والوں کو ہدف بنایا ہے۔

انہوں نے منڈے نائٹ را کے پرومو کے بارے میں کہا 'وہ پرومو نہیں تھا بلکہ کمپنی نے مجھے کچھ اور کہنے کو کہا تھا مگر میں نے اس کی پروا نہیں کی، وہ کوئی اداکاری نہیں تھی، میں اب وہاں جاکر مزید اداکاری نہیں کروں گی'۔

انہوں نے مزید کہا 'میں رنگ میں جاﺅں گی اور وہ سب کچھ کروں گی جو میں چاہتی ہوں، کمپنی اس کی جو مرضی وضاحت کرتی رہے مگر مجھے اب کسی کی پروا نہیں۔ میں اعتراف کرتی ہوں کہ میں اس کھیل کا احترام نہیں کررہی جس سے مداح محبت کرتے ہیں'۔

یعنی انہوں نے واضح کیا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ اسکرپٹ کے تحت ہوتا ہے اور اس میں اصل کچھ بھی نہیں ہوتا۔

رونڈا کا کہنا تھا 'یہ کھیل بناوٹی ہے، یہ اصل نہیں، حقیقت میں کوئی بھی ریسلر مجھے چھو بھی نہیں سکتی'۔

خیال رہے کہ رونڈا راﺅسی اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ای کے چند بڑے اسٹارز میں سے ایک ہیں اور ریسل مینیا میں پہلی بار ویمن مین ایونٹ کا حصہ ہوں گی۔

گزشتہ ہفتے ایک اور یوٹیوب ویڈیو میں رونڈا نے واضح کیا تھا کہ انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بننا پسند ہے مگر ان کے پاس دیگر آپشنز بھی ہیں۔

انہوں نے کہا 'مجھے ریسلنگ پسند ہے، میں اس کام سے بہت محبت کرتی ہوں، مگر مجھے اسے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، تھوڑی سی بھی نہیں'۔

انہوں نے مزید کہا 'اگر مجھے خوش نہیں رکھا گیا تو میں کمپنی سے باہر جانے کا حق رکھتی ہوں اور خوش باش زندگی گزار سکتی ہوں'۔

رونڈا کا کہنا تھا 'اتھارٹی ہر ایک کے بارے میں بات کرتی ہے اور جیسا میں کہہ چکی ہوں کمپنی نے ریسلرز کو انہیں اتنا کچھ دے رکھا ہے کہ وہ پرتعیش زندگی گزار سکیں اور ان کی باتیں بھی سن سکیں، مگر میں نہیں سن سکتی'۔

اس سے قبل جنوری میں ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ رونڈا ریسل مینیا 35 کے فوری بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑ سکتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں