ڈبلیو ڈبلیو ای کی مقبول ترین اسٹار ریسلنگ چھوڑنے کے لیے تیار؟

25 جنوری 2019
رونڈا راؤسی — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
رونڈا راؤسی — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

گزشتہ سال اکتوبر میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلر رومن رینز کو خون کے سرطان کے باعث ریسلنگ کی دنیا سے دور ہونا پڑا اور ان کی واپسی کے بارے میں فی الحال کچھ بھی کہنا مشکل ہے اور اب لگتا ہے کہ اس کمپنی کی سب سے بڑی اسٹار بھی الوداع کہنے کے لیے تیار ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق سابق یو ایف سی چیمپئن اور موجودہ را ویمن چیمپئن رونڈا راﺅسی ڈبلیو ڈبلیو ای کو الوداع کہنے والی ہیں۔

یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب رونڈا راﺅسی 27 جنوری کو شیڈول رائل رمبل ایونٹ میں ساشا بینکس کے خلاف چیمپئن شپ کا دفاع کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں : ڈبلیو ڈبلیو ای کی اہم ترین اسٹار ریسلر اچانک معطل

اس نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رونڈا راﺅسی اپریل میں ہونے والے ایونٹ ریسل مینیا 35 کے فوری بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑ سکتی ہیں۔

رونڈا راﺅسی پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای میں گزشتہ سال رائل رمبل کے آخر میں نظر آئی تھیں اور ان کا پہلا مقابلہ ریسل مینیا 34 میں ہوا تھا۔

اس وقت ای ایس پی این نے رپورٹ کیا تھا کہ رونڈا راﺅسی نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے فل ٹائم معاہدہ کیا ہے جو کہ کئی سال کا ہے۔

تاہم اب کہا جارہا ہے کہ وہ ایک سال بعد ہی کمپنی کو چھوڑنے کے لیے تیار ہیں اور اس کی وجہ خاندان کو وقت دنیا بتائی جارہی ہے۔

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

31 سالہ رونڈا راﺅسی ہمیشہ سے بچوں کی خواہشمند ہیں، جس کا اظہار وہ کئی بار کرچکی ہیں اور یہی وجہ ان کے ریسلنگ کیرئیر کو چھوڑنے کا باعث بن سکتی ہے۔

رونڈا راﺅسی کا ممکنہ اخراج ریسل مینیا میں را ویمن چیمپئن شپ کے لیے ایک پیچیدہ ٹوئیسٹ ثابت ہوسکتا ہے جس کے بارے میں توقع کی جارہی ہے کہ وہ ریسل مینیا کا مین ایونٹ ہوگا جس میں بیکی لنچ اور شیرولیٹ فلیئر رونڈا کے مدمقابل ہوسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ ٹی ایل سی میں کون کامیاب رہا؟

اور رونڈا راﺅسی اگر ریسلنگ رنگ کو چھوڑتی ہیں تو یہ سوال بھی اہم ہوگا کہ موجودہ را ویمن چیمپئن کو شکست دینے کا اعزاز کس کے پاس جائے گا جو اب تک ناقابل شکست رہی ہیں۔

مگر ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیے زیادہ بڑا مسئلہ اسٹار پاور مزید کم ہونا ہے جو کہ رومن رینز کے جانے کے دھچکے سے ابھی تک نہیں سنبھل سکی۔

دوسری جانب جان سینا پارٹ ٹائم ریسلر کے کردار میں خوش ہیں اور اپنی زیادہ تر توجہ فلمی کیرئیر کو دے رہے ہیں، جو رائل رمبل میں شرکت کا اعلان تو کرچکے ہیں مگر ڈبلیو ڈبلیو ای کے مطابق ٹخنے کی انجری کے باعث ان کی شرکت مشکوک ہے۔

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

حقیقت میں جان سینا کا فلمی شیڈول اس ایونٹ میں ان کی شرکت کے لیے رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ای نے بیان جاری کیا ہے کہ رونڈا راﺅسی نے کمپنی کے ساتھ 2021 تک کا معاہدہ کررکھا ہے۔

گزشتہ سال نومبر میں رونڈا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا ' ڈبلیو ڈبلیو ای میں شرکت کا تجربہ انتہائی زبردست رہا اور مجھے اس میں کافی مزہ آیا، مگر جو توانائی میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیے لگاتی ہوں، اتنی خاندان کو نہیں دے پاتی'۔

تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای کا کہنا ہے کہ رونڈا بچوں کی خواہشمند ہے یا نہیں، یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔

خیال رہے کہ رونڈا راﺅسی نے گزشتہ سال سمر سلیم میں را ویمن چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

تبصرے (0) بند ہیں