سینیٹ کمیٹی: سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں آنے والے اخراجات کی تفصیلات طلب

16 مارچ 2019
سینیٹ کمیٹی کا اجلاس 21 مارچ کو ہوگا—فائل فوٹو: اے پی پی
سینیٹ کمیٹی کا اجلاس 21 مارچ کو ہوگا—فائل فوٹو: اے پی پی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ نے اپنے 21 مارچ کے اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

کمیٹی کے سیکریٹری کی جانب سے اجلاس کے جاری ایجنڈے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں سعودی ولی عہد کے پروٹوکول کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی تفصیلات پر بریفنگ بھی شامل ہوں گی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں 18ویں ترمیم کے بعد پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے کام، حیثیت، اثاثے، اخراجات اور منافع سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اس پر بھی بریفنگ لی جائے گی۔

مزید پڑھیں: محمد بن سلمان کا دورہ، عرب دوست پاکستان سے کیا چاہتے ہیں؟

نوٹس کے مطابق اجلاس میں سینیٹرز کی جانب سے نشاندہی کی گئی پاکستان میں گزشتہ 6 برسوں (2018-2012) کی ترقیاتی اسکیمیوں پر بھی بات چیت ہوگی اور ان کی موجودہ حیثیت پر تفصیلات طلب کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ 17 فروری کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اسلام آباد کے نورخان ایئربیس پر پہنچے تھے جبکہ اس دوران جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

محمد بن سلمان کا بطور سعودی ولی عہد یہ پہلا دورہ پاکستان تھا اور اس دوران سرمایہ کاری کے تعاون کے لیے مختلف مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے جبکہ سعودی مہمان کے اعزاز میں تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ سعودی ولی عہد کو پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا گیا تھا، جس کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: محمد بن سلمان کا دورہ، اہم سامان اور سیکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

سعودی شہزادے کے اس دورے پر جڑواں شہروں کو سعودی شاہی خاندان کی تصاویر سے سجادیا گیا تھا اور خوش آمدیدی بینرز آویزاں کردیے گئے تھے، اس اعلیٰ سطح دورے میں محمد بن سلمان کے ہمراہ اہم سعودی وزرا، کاروباری شخصیات، شاہی خاندان کے افراد بھی ساتھ تھے۔

ان تیاریوں کے سلسلے میں 2 سی 130 طیاروں میں 7 بی ایم ڈبلیو سیون سیریز کی لگژری سیڈان اور ایک لینڈ کروزر، محمد بن سلمان کے ذاتی استعمال کے لیے فرنیچر اور جم کا سامان وزیر اعظم ہاؤس میں 8 کنٹینر میں پہنچایا گیا تھا، اس کے علاوہ دورہ کرنے والے وفد کے لیے اسلام آباد کے 8 ہوٹلز میں 750 کمرے بک کیے گئے تھے اور پیشگی بکنگ ختم کردی گئی تھیں۔

علاوہ ازیں سینیٹ کمیٹی نے 21 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی حالیہ نیلامی کی تفصیلات بھی کی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں