نیوزی لینڈ میں جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین کو ویزے کی سہولت

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2019
ترجمان دفتر خارجہ نے متاثرہ خاندانوں کو ویزے لیے رابطہ نمبر بھی جاری کیا—فائل/فوٹو: ڈان
ترجمان دفتر خارجہ نے متاثرہ خاندانوں کو ویزے لیے رابطہ نمبر بھی جاری کیا—فائل/فوٹو: ڈان

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ کو ویزے کے لیے نیوزی لینڈ کے سفارت خانے سے رابطے اور فوری تعاون کے لیے رابطہ نمبر جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹویٹر' میں اپنے بیان میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ‘وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے اور لاپتہ پاکستانیوں کے اہل خانہ سے ہر ممکن تعاون اور مدد کرنے کی ہدایت کی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے تہران میں موجود نیوزی لینڈ کے سفیر ہمیش مک ماسٹر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے جو پاکستان کے معاملات بھی دیکھتے ہیں’۔

سیکریٹری خارجہ کے رابطے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘سیکریٹری خارجہ نے کرائسٹ چرچ میں دہشت گرد حملے میں جانی ضیاع پر تعزیت کی اور متاثرہ پاکستانیوں کے اہل خانہ سے تعاون کے لیے درخواست کی’۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں نیوزی لینڈ کے محکمہ امیگریشن کا لنک جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے اہل خانہ ویزے کے لیے فوری طور پر یہاں رابطہ کریں۔

مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ دہشت گردی: واقعے میں 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ‘درخواست گزار اپنا درخواست نمبر اور پاسپورٹ کے نقول کے ہمراہ پاکستان کے لیے نیوزی لینڈ کے اعزازی قونصل جنرل معین فدا ان کے ای میل ایڈریس [email protected] اور واٹس ایپ نمبر 923428200200+ پر بھیج سکتے ہیں’۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والی دہشت گردی میں 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق جاں بحق پاکستانیوں میں سہیل راشد، سید جہاں داد علی (لاہور)، سید اریب احمد (کراچی)، محبوب ہارون (اسلام آباد)، نعیم راشد (ایبٹ آباد) اور طلحہ نعیم (ایبٹ آباد) شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ دہشت گردی: 'ایک زخمی پاکستانی کی شناخت ہوگئی'

اعلامیے کے مطابق لاپتہ 3 افراد کے حوالے سے مزید تفصیلات مقامی انتظامیہ کی جانب سے ان کی شناخت کی تصدیق کے بعد جاری کر دی جائیں گی۔

وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘کرائسز منیجمنٹ سیل وزارت خارجہ اسلام آباد اور نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن متاثرہ خاندانوں کو ویزا اور میتوں کو پاکستان لانے سمیت دیگر معاملات میں تعاون کررہا ہے’۔

اس سے قبل ڈپٹی ہائی کمشنر معظم شاہ نے بتایا تھا کہ واقعے کے بعد 9 پاکستانیوں کی گمشدگی کی اطلاعات ملی تھیں، جن میں سے 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ دہشتگردی، اسلامو فوبیا کا شاخسانہ ہے، وزیراعظم عمران خان

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ روز ایک آسٹریلوی سفید فارم مسلح شخص نے دو مسجدوں میں گھس کر دہشت گردی کی تھی جس کے نتیجے میں کم ازکم 49 نمازی جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔

نیوزی لینڈ میں دہشت گرد واقعے کے بعد دنیا بھر میں اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتےہوئے اس کو اسلاموفوبیا قرار دیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں