گیس کے اضافی بل آئندہ 2 ماہ میں ایڈجسٹ کردیے جائیں گے، وزیر پیٹرولیم

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2019
وفاقی وزیر کے مطابق رواں سال جون کے اختتام تک ملک بھر میں گیس کے اضافی بلوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا  — فائل فوٹو/اسکرین شاٹ
وفاقی وزیر کے مطابق رواں سال جون کے اختتام تک ملک بھر میں گیس کے اضافی بلوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا — فائل فوٹو/اسکرین شاٹ

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ گیس کے اضافی بل آئندہ 2 ماہ میں ایڈ جسٹ کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی سپلائی میں رکاوٹ ڈالنے میں ملوث افسران کوہٹا دیا گیا ہے۔

گیس کے شعبے میں ٹیرف بڑھانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تیل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی طرف سے بھیجی جانے والی سمری کو مسترد کرسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: گیس صارفین سے کی گئی اضافی وصولی واپس کرنے کا حکم

انہوں نے کہا کہ رواں سال جون کے اختتام تک ملک بھر میں گیس کے اضافی بلوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی جائیں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے اختتام میں وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو اضافی بل کے ذریعے گیس صارفین سے وصول کی گئی اضافی رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ اضافی گیس بل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کھپت کے سلیب میں اضافے کی وجہ سے پیش ہوا جس کی وفاقی کابینہ نے منظوری دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: صارفین اضافی گیس بل قسطوں میں ادا کر سکتے ہیں، وزیر پیٹرولیم

نئے سلیبس کے مطابق 500 ایم ایم ایف تک صرف کرنے پر فی یونٹ 1 ہزار 470 روپے چارج کیا جائے گا اور پورا مہینہ اس ہی ریٹ پر چارج ہوگا۔

خیال رہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک بھر میں 70 فیصد مقامی صارفین 300 ایم ایم ایف گیس استعمال کرتے ہیں اور حکومت نے ایسے صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں صرف 10 فیصد اضافہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک بھر میں 70 فیصد مقامی صارفین 300 ایم ایم ایف گیس استعمال کرتے ہیں اور حکومت نے ایسے صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں صرف 10 فیصد اضافہ کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں