چین کی فیکٹری میں دھماکے سے 7 افراد ہلاک، 5 زخمی

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2019
دھماکے کی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں — فوٹو: رائٹرز
دھماکے کی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں — فوٹو: رائٹرز

چین کے مشرقی صوبے میں برقی آلات تیار کرنے والی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مقامی حکومت نے وی چیٹ کے سرکاری اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے بیان میں بتایا کہ جیانگسو صوبے کے شہر کونشان میں فیکٹری کے باہر دھاتوں کے ناکارہ ٹکڑوں کے کنٹینر میں آگ لگنے کے نتیجے میں دھماکا ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’کونشان ویفر ٹیکنالوجی کارپوریشن لمیٹڈ کے باہر حادثے کی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: چین کے کیمیائی پلانٹ میں دھماکا، 47 افراد ہلاک

اس میں مزید کہا گیا کہ آگ اسٹوریج یونٹ سے قریبی فیکٹری کی ورکشاپ تک پھیل گئی جبکہ حادثے میں زخمی 5 افراد میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

اس سے قبل 21 مارچ کو مشرقی چین میں کیمیکل پلانٹ میں بڑے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 78 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

یہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے زلزلے کا گمان ہوا اور اس نے قریبی عمارتوں کو ہلا کر رکھ دیا اور کئی کلو میٹر دور تک عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: چین: کیمکل پلانٹ میں دھماکا، 8 افراد ہلاک

صنعتوں اور کارخانوں میں حادثوں کے سلسلے میں چین کا شمار دنیا کے بدترین ممالک میں ہوتا ہے جہاں اکثر صنعتوں میں اس طرح کے جان لیوا واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

2015 میں ساحلی شہر تیانجن میں ہونے والے کیمیائی دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 165افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جبکہ رپورٹس کے مطابق اس سے چین کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں