پاکپتن: پولیس نے مالک کو جہاز واپس کردیا

04 اپريل 2019
محمد فیاض نے کہا کہ اپنے ہاتھوں سے تیار کیا گیا طیارہ واپس ملنے پر بہت خوش ہوں۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز—
محمد فیاض نے کہا کہ اپنے ہاتھوں سے تیار کیا گیا طیارہ واپس ملنے پر بہت خوش ہوں۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز—

پاکپتن پولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت بنایا گیا جہاز اس کے مالک محمد فیاض کو واپس کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن کی ٹیم طیارے کے معائنے کے لیے لاہور سے پاکپتن روانہ ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ سول ایوی ایشن کی ٹیم طیارے کا جائزہ لے گی اور محمد فیاض سے ملاقات بھی کرے گی۔

محمد فیاض کا کہنا تھا کہ اپنے ہاتھوں سے تیار کیا گیا طیارہ واپس ملنے پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی کہ انہیں ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

مزید پڑھیں: پاکپتن: چھوٹا جہاز بنانے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج

خیال رہے کہ 31 مارچ کو اپنی مدد آپ کے تحت اڑنے والا چھوٹا جہاز تیار کرنے والے نوجوان فیاض کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا اور یکم اپریل کو ان کے خلاف اے ایس آئی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق جہاز بغیر پرمٹ کے بنایا گیا اور اس کے لیے حکومتی اجازت نامہ بھی نہیں لیا گیا۔

مقدمے میں الزام عائد کیا گیا تھاکہ نوجوان نے جہاز پر خطرناک کرتب بھی دکھائے اور جب پولیس پہنچی تو جہاز لینڈ کررہا تھا۔

مذکورہ شخص کے اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ فیاض کو چھوٹا جہاز کی تیاری میں ایک سال لگا، جس کے لیے اس نے نہ صرف اپنی زمین فروخت کی بلکہ نجی بینک سے قرض بھی لیا۔

اس حوالے سے ڈان نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے فیاض نے بتایا کہ اس کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہےوہ میٹرک میں زیرِ تعلیم تھا لیکن والد کی بیماری اور بعدازاں وفات کے بعد اپنی تعلیم جاری نہ رکھ سکا۔

فیاض کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی ائیر فورس میں جانا چاہتا تھا لیکن حالات کی وجہ سے وہ اپنا شوق پورا نہ کرسکا۔

انہوں نے اپنے ذرائع آمدن سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھاکہ وہ رات کے وقت ایک پرائیویٹ یونیورسٹی میں چوکیدار کی ڈیوٹی کرتا ہے اور دن کے وقت پاپ کارن فروخت کر کے روزی روٹی کماتا۔

مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ میں نے محنت کر کے ہیلی کاپٹر تیار کیا اور اسے چلانے کا تجربہ کیا جو اڑا لیکن انجن چھوٹا ہونے کی وجہ سے نیچے بیٹھ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکپتن میں شہری کو منی جہاز بنانا مہنگا پڑگیا

تاہم اس نے ہمت نہ ہاری اور بینک سے 50 ہزار روپے قرض لیکر فیصل آباد سے بڑا انجن خرید کر اسے تیار کیا لیکن اسے اڑانے کیلئے سڑک پر لایا تو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پاکستانی گلوکار،اداکار اور میزبان فخر عالم نے فیاض کی گرفتاری پر سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہاتھا کہ ’ یہ شخص ایک ہیرو ہے،سول ایوی ایشن کے قواعد ہیں لیکن یہ ایک غیرمعمولی کہانی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے‘۔

انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’ پاکپتن کے قریبی گاؤں میں ایک شخص نے اپنے محدود ذرائع سے ایک چھوٹاجہاز بنایا، اس کہانی سے متاثر ہونے کی ضرورت ہے‘۔

فخر عالم نے مزید کہا تھا کہ ’ اس کہانی کو دنیا کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے اور اس پر فخر کرنا چاہیے، یہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں