’ لاہور سے لاڑکانہ تک مافیا کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں‘

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2019
نیب کی کارروائی قانون کے مطابق تھی، فواد چوہدری— فوٹو: ڈان نیوز
نیب کی کارروائی قانون کے مطابق تھی، فواد چوہدری— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کی کارروائی قانون کے مطابق تھی،حمزہ شہباز کی ذمہ داری تھی کہ وہ نیب کے ساتھ تعاون کرتے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز نے تعاون کرنے کے بجائے نیب کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں پر حملہ کرنا مسلم لیگ(ن) کی روایت رہی ہے، ماضی میں ن لیگ نے سپریم کورٹ اور اب نیب پر حملہ کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں پہلی بار بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا گیا اور اب لاہور سے لاڑکانہ تک مافیا کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘جس طرح دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جاتی ہے اس طرح ہمارے خلاف کی گئی‘

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 1947 سے لے کر 2008 تک پاکستان کا قرضہ 37 ارب ڈالر تھا جس سے اسلام آباد شہر بنا، منگلا ڈیم، تربیلا ڈیم اور موٹروے بنائے گئے لیکن 2008 سے 2013 تک قرضہ 37 ارب ڈالر سے بڑھ کر دگنا ہوگیا اور 2013 سے 2018 تک اب یہ 97 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 3 گنا کردیا گیا تو اس سے کیا کام ہوئے؟

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی مشکلات کی ذمہ داری 2 شخصیات پر عائد ہوتی ہے اور وہ آصف زرداری اور نواز شریف ہیں، ان دونوں نے جو کیا ہے اسی کو بھگتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز، مریم نواز،بلاول بھٹو ان دونوں کے فرنٹ مین ہیں کیونکہ یہ بچوں کے نام پر اپنی جائیدادیں رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے حکومت کی، پیسے باہر بھیجے اور اب انہیں یہ کہتے ہوئے شرم نہیں آتی کہ ہمارے بچوں پر پاکستان قوانین لاگو نہیں ہوتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز کے گھر نیب کی کارروائی قانون کے مطابق تھی لیکن اسے جس طریقے سے ہینڈل کیا گیا یہ قانون کا مذاق اڑانے کے برابر ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب کا عمل بلاول صاحب اور حمزہ شہباز کی دھمکیوں سے رکنے والا نہیں، اسے منطقی انجام تک پہنچنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگوں کے مفاد میں ہے کہ احتساب کا عمل منطقی انجام تک پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب گھر پر چھاپے کے باوجود حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے میں ناکام

فواد چوہدری نے کہا کہ جب ان سے پوچھا جائے کہ پیسے کہاں سے آئے اس وقت جمہوریت خطرے میں پڑجاتی ہے سارا نظام خطرے میں پڑجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نہ جمہوریت کو کوئی خطرہ ہے، نہ معیشت کو خطرہ ہے اور فضل الرحمٰن صاحب کو بتادوں کہ پاکستان میں اسلام کو بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں صرف چوروں اور ڈاکوؤں کو خطرہ ہے جنہیں اس وقت رات کو ڈراؤنے خواب آرہے ہیں، ان کی رات کی نیندیں حرام ہوئی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے شریف فیملی کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کیس سے متعلق کہا کہ نیب نے قاسم قیوم اور فضل داد کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے، ان دونوں افراد کے ذریعے رقم ٹرانسفر کی گئی تھی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز پر الزام ہے کہ انہوں نے 85 سے ایک سو ارب روپے کے درمیان پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے پاکستان سے باہر بھیجا اور اس پیسے سے شہباز شریف کے خاندان نے اپنے اثاثے خریدے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں