عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب سے اینٹی ایئرکرافٹ گن کے شیل برآمد

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2019
وزیراعظم کی نجی رہائش گاہ کی وجہ سے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جاتا ہے — فائل فوٹو
وزیراعظم کی نجی رہائش گاہ کی وجہ سے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جاتا ہے — فائل فوٹو

اسلام آباد کے علاقے بنی گالا میں قائم وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ سے تقریباً آدھا کلو میٹر فاصلے پر ایک پلاٹ سے اینٹی ایئرکرافٹ گن کے ایک درجن سے زائد شیل (گولے) برآمد کیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مشن کے ایک سینئر افسر نے وزیر اعظم ہاؤس کے قریب پلاٹ میں ان گولہ بارود کو پڑا ہوا دیکھا اور پولیس کو آگاہ کیا۔

جس پر گشت پر مامور ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

مزید پڑھیں: نائن زیرو سے نیٹو اسلحہ برآمد، ولی بابر کا قاتل گرفتار

بعد ازاں انسداد دہشت گردی فورس، کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ سمیت پولیس کے مختلف ونگز نے اینٹی ایئر کرافٹ گن کی 18 گولیوں کو قبضے میں لے لیا۔

اس بارے میں ایک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ گولیاں 30 ایم ایم گن کی تھی، ان کا رنگ اترتا ہوا تھا اور وہ پرانی معلوم ہورہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی نجی رہائش گاہ کی وجہ سے علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اور کامبنگ آپریشن کیا جاتا ہے اور حال ہی میں علاقے میں تلاشی لے کر اسے کلیئر قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک، کرنل شہید

پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ حالات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کوئی گزشتہ دنوں میں پلاٹ میں گولہ بارود لایا اور اس نے اسے یہاں چھپانے کی کوشش کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گولہ بارود کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا اور اسے فارنزک تجزیے کے لیے لیب منتقل کیا جائے گا۔


یہ خبر 06 اپریل 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں