کابل: وزارت ٹیلی کمیونیکیشن کے کمپاؤنڈ پر حملہ، 7 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2019
کابل پولیس چیف کے مطابق 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا — فوٹو بشکریہ طلوع نیوز
کابل پولیس چیف کے مطابق 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا — فوٹو بشکریہ طلوع نیوز

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ٹیلی کمیونکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے دفتر پر حملے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہے۔

دوسری جانب اے ایف پی نے افغان طالبان کے حوالے سے بتایا کہ ’طالبان نے مذکورہ حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا‘۔

مزید پڑھیں: کابل: سرکاری عمارت پر شدت پسندوں کا حملہ،43 افراد ہلاک

اس سے قبل خاما پریس کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپاونڈ میں ہونے والے دھماکے کی نوعیت بتانا قبل از وقت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ 3 خود کش بمبار وزارت کے دفتر میں داخل ہوئے، جس کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کو کمپاونڈ میں گھیرے میں لے کر کارروائی کا آغاز کردیا۔

رپورٹ میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کی عمارت میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

علاوہ ازیں سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ حملہ 4 دہشت گردوں نے کیا جس میں سے 2 کو ہلاک کردیا گیا جبکہ دیگر کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق حملہ 18 منزلہ عمارت پر کیا گیا، جس میں مرکزی پوسٹ آفس، وزارت انفارمیشن اینڈ کلچر اور سینٹرل اسٹیٹس اسٹک اورگنائزیشن کے دفاتر موجود ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا مختلف دفاتر کے باعث یہاں ہر وقت عوام کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔

علاوہ ازیں کابل کے پولیس چیف سید محمد روشان دل کا کہنا تھا کہ حملے کا نشانہ بننے والی وزارت کی عمارت میں کم سے کم 2 ہزار ملازمین موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی اہلکار عمارت کو کلیئر کرنے کے لیے اس میں داخل ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: طالبان کے حملے میں 9 اہلکار ہلاک، 62 زخمی

بعد ازاں وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک جاری بیان میں بتایا کہ عمارت کو کلیئر کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے تاہم وزارت کے ملازمین محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں افغانستان میں شدت پسندوں نے کار بم دھماکا کرنے کے بعد دارالحکومت کابل میں حکومتی دفتر پر حملہ کیا تھا، جس میں 43 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں