ٹیکس نظام میں اصلاحات لانے کی کوشش کروں گا، نامزد چیئرمین ایف بی آر

07 مئ 2019
وزیر اعظم نے شبر زیدی کو چیئر مین ایف بی آر نامزد کردیا — فائل فوٹو/ گوگل نیوز
وزیر اعظم نے شبر زیدی کو چیئر مین ایف بی آر نامزد کردیا — فائل فوٹو/ گوگل نیوز

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نامزد چیئرمین سینیئر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ریونیو پیدا کرنا پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے ایف بی آر کے معاملات ٹھیک کر کے وزیر اعظم عمران خان کی امید پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

نجی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر پر لوگوں کا اعتماد کم ہو گیا ہے عہدہ سنبھالنے کے بعد اسے دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہر ادارے میں اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں، کوشش کریں گے اچھے لوگوں سے کام لیں اور برے لوگوں کو سائیڈ لائن کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ماحول اینٹی ٹیکس ہوگیا ہے، اسے پرو ٹیکس کرنا پڑے گا اور کاروباری برادری کو اعتماد دلانا ہوگا کہ اگر ہم پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں ٹیکس دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’ایف بی آر میں ٹیکس لینے اور دینے والے کے درمیان براہ راست رابطہ ختم کرتے ہوئے آٹومیشن لے کر آئیں آئیں گے جس سے ٹیکس اہداف مکمل حاصل کرنا آسان ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’کوئی بھی کسی سے زبردستی ٹیکس نہیں لے سکتا، لوگوں کو رضاکارانہ طور پرٹیکس دینے پر آمادہ کرنا ہوگا۔

آئی ایم ایف کی جانب سے دیے گئے 5 ہزار 400 ارب روپے کے ٹیکس اہداف کو حاصل کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں بات کرنا ابھی مشکل ہے آئندہ آنے والے وقتوں میں اس بارے میں بحث کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ شبر زیدی کو چیئرمین فیڈرل بورڈ بیورو (ایف بی آر) تعینات کردیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں