بولی وڈ اداکارہ سارہ علی خان نے جسمانی وزن میں ڈرامائی کمی لانے اور فٹ رہنے کا راز اپنی قوت ارادی کو قرار دیا ہے۔

جریدے ووگ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سارہ علی خان نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب ان کا وزن 96 کلو گرام تک پہنچ گیا تھا، جس پر انہوں نے جسمانی وزن میں کمی لانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا 'یہ اس وقت ہوا جب میں نیویارک میں تھی، میرا وزن 96 کلوگرام تک پہنچ گیا تھا جبکہ میری گریجویشن میں ایک سال باقی رہ گیا تھا'۔

انہوں نے اس تبدیلی کا راز بتاتے ہوئے کہا 'میں نے پیزا چھوڑ کر سلاد کو اپنا لیا جبکہ کاہلی کی جگہ جسمانی سرگرمیوں کو اپنا کر اپنے فٹنس سفر کا آغاز کیا، میں نے نیویارک میں صحت بخش غذا کا انتخاب کرتے ہوئے ورزش کرنا شروع کی'۔

ان کا مزید کہنا تھا 'اس شہر میں کئی طرح کی کلاسز تھی جیسے باکسنگ سے لے کر سائیکلنگ، مگر چونکہ میرا وزن بہت زیادہ تھا تو میں نے عام ورزشیں جیسے چہل قدمی، ٹریڈ مل اور سائیکل چلانے کو ترجیح دی، جس سے میرا وزن کم ہوا اور پھر میں نے زیادہ سخت ورزشوں کو اپنایا'۔

انہوں نے بتایا 'جسمانی فٹنس کے لیے جسمانی ٹریننگ، Pilates، باکسنگ اور کارڈیو کے امتزاج کو اپنایا، جس کے بعد صورتحال بدلنے لگی جو مجھے پسند بھی آئی مگر پھر بھی میں نے روزانہ ڈیڑھ گھنٹہ ورزش کو عادت بنالیا، بس اتوار کو نہیں کرتی، کیونکہ وہ میرا آرام کا دن ہوتا ہے'۔

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

اس سے قبل ایک اور انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ اپنی والدہ کے آگے رویا کرتی تھی کیوں کہ وہ اداکارہ بننا چاہتی تھی، جس کے بعد امریتا نے انہیں وزن کم کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد وہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ وزن کم کرنے کی ورزش کرتی رہیں، اس دوران سارہ اور امریتا ایک دوسرے سے ویڈیو پر بات بھی نہیں کرتے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’96 کلو وزن سے 30 کلو کم کرنے کے بعد جب میں بھارت واپس آئی تو والدہ نے مجھے ایئرپورٹ پر پہچانا ہی نہیں، میں بےحد تبدیل ہوگئی تھی اور وہ مجھے صرف میرے بیگز دیکھ کر پہچانی‘۔

سارہ نے بتایا کہ انہیں وزن کم کرنے میں ایک سے ڈیڑھ سال کا وقت لگا۔

سارہ علی خان اس وقت ڈائریکٹر امتیاز علی کی فلم لو آج کل کے سیکوئل میں کام کررہی ہیں، اوریجنل فلم میں سارہ کے والد سیف علی خان اور دپیکا پڈوکون نے کام کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں