ہانیہ عامر ذہنی صحت کے مسائل پر شعور اجاگر کرنے کی خواہشمند

اپ ڈیٹ 19 مئ 2019
ہانیہ عامر نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں یہ بات کی — فوٹو بشکریہ ہانیہ عامر انسٹاگرام پیج
ہانیہ عامر نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں یہ بات کی — فوٹو بشکریہ ہانیہ عامر انسٹاگرام پیج

اداکارہ ہانیہ عامر نے گزشتہ دنوں معاشرے میں خوبصورتی کے معیار کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اب انہوں نے ذہنی صحت کے حوالے سے اپنے مداحوں میں شعور اجاگر کیا ہے۔

اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے معاشرے میں ذہنی صحت کے مسائل پر بات کرتے ہوئے اس نکتے کی جانب نشاندہی کی کہ ان کو اب تک سنجیدہ نہیں لیا جاتا۔

انہوں نے لکھا 'ذہنی صحت کے مسائل حقیقی ہیں، یہ اتنے ہی حقیقی ہیں جتنے دیگر امراض، جن کے لیے ادویات کی ضرورت ہوتی ہے۔ انٹرنیٹ تک رسائی اور وسیع علم کی اس دنیا میں ہم سب کو ذہنی امراض کو سنجیدگی سے لینا چاہیے تاکہ کوئی دوست آکر ایسی صورتحال کی وضاحت کرے جو سننے میں معمول کی نہ ہو، تو ہم تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے یہ احساس دلائے کہ یہ نارمل ہے'۔

انہوں نے مزید کہا 'اس بارے میں خود تحقیق کریں اور ان کی مدد کریں کیونکہ اس طرح بات کرنے کے لیے بہت زیادہ ہمت، بے خواب راتوں، آنسوﺅں اور ذہنی بے چینی کی ضرورت ہوتی ہے '۔

ان کا کہنا تھا کہ ذہنی مسائل کے باعث جدوجہد کرنے والوں کا مذاق اڑانے کی بجائے ان کی مدد کریں جو کہ درست اقدام ہے اور اس سے آپ کو زیادہ خوشی ہوگی۔

ہانیہ عامر نے لکھا 'انہیں بتائیں کہ ان کے مسائل سنجیدہ ہیں اور آپ انہیں سمجھتے ہیں، انہیں محفوظ ہونے کا احساس دلائے اور ضرورت پڑنے پر کسی ماہر نفسیات سے مشورہ کریں'۔

اس سے قبل رواں ہفتے انہوں نے کیل مہاسوں سے کسی اداکارہ پر طاری ہونے والے دباﺅ کا ذکر کیا تھا۔

کئی ماہ کے سخت مرحلے کے دوران انہوں نے مختلف امراض جلد کے ماہرین سے رجوع کیا اور ان کی جلد بہتر ہوگئی مگر وہ حیران بھی ہوئیں ' آخر میری جلد سے میری شخصیت کا تعین کیوںہوتا ہے؟ آخر کس نے خوبصورتی کے یہ معیار طے کیے جن سے مطابقت کی ہم کوشش کرتے ہیں؟ کیا معاشرے میں شفاف جلد ہی خوبصورتی ہے؟'

فوٹو بشکریہ ہانیہ عامر انسٹاگرام پیج
فوٹو بشکریہ ہانیہ عامر انسٹاگرام پیج

ان کا کہنا تھا 'میں جانتی ہوں کہ پرفیکٹ ہونے کا خیال اکثریت کو اچھا لگتا ہے مگر آپ کو خوبصورت نظر آنے کے لیے بے داغ تصویر کی ضرورت نہیں، کسی کو بھی خوبصورتی کے مضحکہ خیز معیار پر پورا اترنے کے دباؤ کو محسوس کرنے کی ضرورت نہیں، اپنے معیار خوط طے کریں، اگر کوئی آپ کو آپ کی شخصیت پر چھوٹا بناتا ہے اسے آپ کے ارگرد نہیں ہونا چاہیے'۔

تبصرے (0) بند ہیں