امریکی پابندیاں ایک طرف، آنر 20 سیریز کے 3 فونز متعارف

21 مئ 2019
ان فونز کو لندن میں متعارف کرایا گیا — فوٹو بشکریہ آنر
ان فونز کو لندن میں متعارف کرایا گیا — فوٹو بشکریہ آنر

ہواوے کو اس وقت امریکی پابندیوں کا سامنا ہے مگر اس کمپنی نے ہمت نہیں ہاری اور اس کے ذیلی برانڈ آنر نے اپنے 3 نئے فلیگ شپ فونز متعارف کرادیئے ہیں۔

آنر 20، 20 پرو اور آنر 20 لائٹ کو لندن میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا گیا۔

یہ دونوں فونز ایسے صارفین کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہیں جو کسی نئے فلیگ شپ فون کے لیے ایک ہزار ڈالرز (ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) خرچ کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔

فیچرز کے لحاظ سے یہ کسی بھی فلیگ شپ فون سے کم نہیں مگر قیمت کے لحاظ سے کافی سستے قرار دیئے جاسکتے ہیں۔

آنر 20

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

اس فون میں 6.2 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ کمپنی کا اپنا کیرین 980 پراسیسر اس کا حصہ ہے۔

اس کے علاوہ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

آنر 20 میں اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے میجک یو آئی 2.1 سے کیا ہے جبکہ 3750 ایم اے ایچ بیٹری 22.5 واٹ سپرچارج فاسٹ چارجنگ سپورٹ سے لیس ہے۔

اس فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں سے مین سنسر 48 میگا پکسل کا ہے جس میں ایف 1.8 آپرچر دیا گیا ہے۔

دوسرا کیمرا 16 میگا پکسل سپر وائیڈ اینگل لینس ہے جس میں ایف 2.2 آپرچر اور 117 ڈگری فیلڈ آف ویو موجود ہے، 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرا دیا ہے جبکہ فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

اس فون میں فنگر پرنٹ سنسر پاور بٹن میں ہی دیا گیا ہے جبکہ اس کی قیمت 499 یورو (84 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

آنر 20 پرو

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

یہ آنر 20 سے کچھ مختلف ہے اس کا ڈسپلے، پراسیسر، سیلفی کیمرا اور فنگر پرنٹ اسکینر تو آنر 20 پرو جیسا ہی ہے۔

مگر اس کے بیک پر موجود 48 میگا پکسل مین کیمرے میں او آئی ایس، اے آئی ایس اور ای آئی ایس سپورٹ کے ساتھ کسی اسمارٹ فون کیمرے میں سب سے بڑا آپرچر ایف 1.4 دیا گیا ہے۔

یہ جان لیں کہ آپرچر جتنا بڑا ہوگا، اس کا لینس اتنی ہی روشنی جذب کرسکے گا اور بہت کم روشنی میں بھی بہتر تصاویر لینا ممکن ہوسکے گا۔

اس کے علاوہ 16 میگا پکسل سپر وائیڈ انگل لینس، 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس تھری ایکس زوم، فائیو ایس ہائیبرڈ زوم اور 30 ایکس ڈیجیٹل زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے جبکہ 2 میگا پکسل میکرو لینس دیا گیا ہے۔

اس فون میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جبکہ اس کی قیمت 599 یورو (ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

یہ فونز اگلے ماہ دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

آنر 20 لائٹ

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

ان دونوں فلیگ شپ فونز کے ساتھ کمپنی کی جانب سے ایک ہلکا ورژن آنر 20 لائٹ بھی متعارف کرایا گیا۔

اس فون میں 6.21 انچ کا ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں ڈراپ نوچ، کیرین 710 پراسیسر اور 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

اس کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں 24 میگا پکسل، 8 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل کیمرے سنسر ہیں جبکہ اس کی قیمت 299 یورو (50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں