پاک-بھارت ٹاکرا: ’کھلاڑی تاریخ میں اپنا نام رقم کرنے کا موقع ضائع نہ کریں‘

16 جون 2019
اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں میچ کھیلا جائے گا — فائل فوٹو/ڈان
اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں میچ کھیلا جائے گا — فائل فوٹو/ڈان

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے اتوار کو قومی ٹیم کے روایتی حریف بھارت سے ٹاکرے سے قبل شاہینوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام رقم کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز تاریخ کا حصہ رہے ہیں اور ورلڈ کپ کے لیے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں اتوار کو ہونے والے اس میچ کو تاریخ کے لیے نیا باب سمجھا جارہا ہے۔

اپنے بیان میں مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں سمجھتا کہ یہ سب سے بڑے حریف ہیں تاہم فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل کو دنیا بھر سے 1.6 ارب لوگوں نے دیکھا تھا اور اس میچ کو تقریباً 1.5 ارب لوگوں کے دیکھنے کی امید ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم میں بتارہا تھا کہ تم سب ہیرو بن سکتے ہو، تمہارا کیریئر اس گیم کے ایک ایک لمحات سے واضح ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ بہترین پرفارمنس دکھاتے ہیں تو آپ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، یہاں 15 بہترین کرکٹرز ہیں ڈریسنگ روم میں اور ہم انہیں زور دیتے رہتے ہیں کہ آپ کس طرح یاد رہنا چاہیں گے‘۔

واضح رہے کہ پاکستان اس ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کو ہرا چکی ہے تاہم آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز سے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سری لنکا سے میچ بارش کی نظر ہوگیا تھا۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم نے تینوں شعبوں میں غلطیوں سے اجتناب کیا تو ہم دنیا میں کسی کو بھی ہرا سکتے ہیں، ہم بلے بازی میں بہترین ہیں جبکہ باؤلنگ اور فیلڈنگ میں صرف بہتر ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اب بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کسی بھی معجزے کے لیے ایک لمحے کی ضرورت ہوتی ہے، صرف ایک کھلاڑی جو شروع سے کھڑا ہو، کھیل میں تبدیلی لاسکتا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں