وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) کے چیئرمین سید شبر زیدی نے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں توسیع کی خبروں کو مسترد کر دیا۔

اپنے بیان میں شبر زیدی نے کہا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم 2019 میں کوئی توسیع نہیں کی جا رہی، لوگ موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اسکیم سے مستفید ہوں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر فیصل واڈا نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں 4 روز کی توسیع کی جارہی ہے اور اسکیم کے تحت ظاہر کی گئی رقم بینک میں رکھنے کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے۔

تاہم مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اسکیم میں توسیع کا اختیار ان کے پاس ہے نہ ہی فیصل واؤڈا کے پاس، اتوار کو وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

مشیر اطلاعات کی وضاحت کے بعد فیصل واڈا نے اپنا ٹوئٹ ہی ڈیلیٹ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پہلی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم متعارف کروا دی

واضح رہے کہ حکومت کی اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی آخری تاریخ 30 جون ہے۔

تاہم دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے اسکیم کے حوالے سے سرکاری ٹی وی کی خصوصی ٹرانسمیشن میں بات کرتے ہوئے اسکیم کی تاریخ میں توسیع کا عندیہ دیا تھا۔

اسی روز بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کی آخری تاریخ میں ممکنہ توسیع کی مخالفت سامنے آئی تھی۔

آئی ایم ایف نے تحفظات کا اظہار کیا کہ ایمنسٹی اسکیم میں توسیع کی صورت میں 3 جولائی کو متوقع اجلاس میں پاکستان کا مقدمہ متاثر ہوگا۔

مزید پڑھیں: ایمنسٹی اسکیم کے بعد کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، وزیراعظم

پاکستان میں آئی ایم ایف کی ترجمان ٹریسا ڈبن ساشیز نے تصدیق کی کہ ’آئی ایم ایف ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے حق میں نہیں ہے۔'

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیموں کے نقصانات بہت زیادہ ہیں جس سے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے، شفافیت کا پہلو زائل ہوجاتا ہے اور عمومی طور پر مختصر المعیاد مفادات منظور نظر بن جاتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں