'ہیر مان جا' کا نیا گانا ریلیز

20 جولائ 2019
فلم عیدالضحیٰ پر ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم عیدالضحیٰ پر ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

اس عیدالضحیٰ پاکستان کی کئی بڑی فلمیں سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی ہیں اور زیادہ سے زیادہ شائقین ان فلموں کو دیکھنے آئے اس کے لیے فلم ساز ابھی سے ایسے ایسے گانے ریلیز کررہے ہیں جو ناظرین کی توجہ سمیٹ لیں۔

ایسا ہی جوش سے بھرا ایک نیا گانا 'اڈی مار' ریلیز کردیا گیا ہے جو رواں سال ریلیز ہونے والی فلم 'ہیر مان جا' کا حصہ ہے۔

اس گانے کی موسیقی بھی یقیناً آپ کو ڈانس کرنے پر مجبور کردے گی، جبکہ ایسا کہنا بھی غلط نہیں ہوگا کہ یہ گانا پاکستانی شادیوں میں مہندی کی تقریب کا بھی حصہ بن جائے گا۔

گانے میں ایک شادی کا ماحول دکھایا گیا جہاں فلم کے مرکزی اداکار علی رحمٰن خان بھی شاندار ڈانس کرتے نظر آئے۔

اس ویڈیو میں علی رحمٰن خان کے ہمراہ زارا شیخ بھی نظر آئیں، تاہم فلم کی مرکزی اداکارہ حریم فاروقی اس گانے کا حصہ نہیں بنیں۔

مزید پڑھیں: ڈانس نمبر سے زارا شیخ کی واپسی

یاد رہے کہ علی رحمٰن خان اور حریم فاروقی 2017 کی فلم ’پرچی‘ میں اہم کردار نبھا چکے ہیں۔

ہیر مان جا کے حوالے سے ماضی میں دیے ایک انٹرویو میں علی رحمٰن خان نے بتایا تھا کہ ’فلم کی کہانی رومانوی کامیڈی ہے اور میں پہلی مرتبہ کسی فلم میں مرکزی رومانوی کردار نبھانے جارہا ہوں، میں زیادہ کچھ نہیں بتاسکتا، بس اتنا یقین ہے کہ شائقین کو یہ فلم اور ہمارے کردار بےحد پسند آئیں گے‘۔

اپنے کردار کے حوالے سے حریم فاروق نے بتایا تھا کہ ’اس فلم میں میں ہیر کا کردار نبھارہی ہوں جو ٹیکسٹائل ڈیزائنر ہے‘۔

دونوں نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ ان کی فلم میں کئی اور نامور اداکار سپرائز انٹری دیں گے۔

’ہیر مان جا‘ عید الضحیٰ پر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں