آرمی چیف کی امریکی سیکریٹری اسٹیٹ سے ملاقات، افغان امن عمل کی پیش رفت پر غور

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2019
آرمی چیف نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ سے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ملاقات کی—تصویر: ڈی جی آئی ایس پی آر ٹوئٹر
آرمی چیف نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ سے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ملاقات کی—تصویر: ڈی جی آئی ایس پی آر ٹوئٹر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا دورہ کیا اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔

ملاقات میں خطے کی سلامتی بالخصوص افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت کی گئی جس میں افغان سربراہی میں افغان فریقین پر مشتمل حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ اور آرمی چیف کی ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال جبکہ افغان امن عمل کی پیش رفت کو بہتر بنانے کے راستوں پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اور امریکا کا مقصد مشترک ہے، عمران خان

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان باہمی احترام، اعتماد، مشترکہ اقدار کی بنیاد پر مضبوط دو طرفہ تعلقات کی بحالی کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

قبل ازیں پاک فوج کے سرابرہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پینٹا گون کا دورہ کیا جہاں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ایف ڈنفرڈ نے ان کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پینٹاگون آمد کے موقع پر آرمی چیف کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

پینٹاگون کے دورے کے موقع پر آرمی چیف نے قائم مقام سیکریٹری دفاع رچرڈ وی اسپینسر اور چیف آف جوائنٹ چیف آف اسٹاف سے ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم ٹرمپ کی میزبانی کے مشکور، 'افغان امن عمل میں از بس مدد کریں گے

اس موقع پر دونوں امریکی عہدیدارون نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور افغان مفاہمتی عمل میں کردار کو سراہا۔

اس کے ساتھ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملے سے بھی ملاقات کی جس میں سلامتی کے امور اور باہمی تعاون کے بارے میں گفتگو شنید ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان کو افغان حکومت سے مذاکرات کیلئے آمادہ کروں گا، عمران خان

بعدازاں آرمی چیف نے امریکی فوج کے قبرستان ایئرلنگٹن سیمینٹری کا دورہ کیا اور امریکا کے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا اس موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے تھے۔

خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ملاقات کے موقع پر آرمی چیف بھی موجود تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں