سندھ کابینہ میں ناصر حسین شاہ سمیت 4 نئے وزرا، 2 مشیر شامل

اپ ڈیٹ 05 اگست 2019
ناصر حسین شاہ گزشتہ ماہ وزارت سے مستعفی ہوئے تھے—فائل/فوٹو:ڈان
ناصر حسین شاہ گزشتہ ماہ وزارت سے مستعفی ہوئے تھے—فائل/فوٹو:ڈان

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ میں ناصر حسین شاہ اور نثار کھوڑو سمیت 4 نئے وزرا اور دو مشیروں کو شامل کرلیا جس کے بعد وزرا کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

گورنر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے چاروں وزرا سے حلف لیا اور اس موقع پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

سندھ کی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزرا میں سابق وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ، عبدالباری پتافی، اکرام دھاریجو اور سہیل انور سیال شامل ہیں تاہم ان کے محکموں کے حوالے سے تاحال آگاہ نہیں کیا گیا۔

نئے وزرا کی حلف برداری کی تقریب کے بعد چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ نے اعلان کیا کہ وزیر اعلیٰ نے نثار کھوڑو اور سید اعجاز شاہ شیرازی کو مشیر کی حیثیت سے تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی کے ناصر حسین شاہ نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس سے قبل ممتاز جاکھرانی کو محکمہ جیل خانہ جات اور مرتضیٰ وہاب کو اطلاعات، قانون اور انسداد کرپشن کے حوالے سے مشیر مقرر کیا تھا اور مزید دو مشیروں کی تعیناتی سے مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے نئے وزرا ور مشیروں کو مبارک باد دی۔

یاد رہے کہ ناصرحسین شاہ نے یکم جولائی کو کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ اس سے قبل ہی عبدالباری پتافی نے بھی اپنی وزارت سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

ناصر حسین شاہ کے پاس جنگلات سمیت 5 محکموں کے قلم دان تھے جن سے انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

رکن صوبائی اسمبلی کے پاس ورکس اینڈ سروسز کے ساتھ ساتھ محکمہ آب پاشی، محکمہ مذہبی امور، جنگلات اور جنگلی حیات کے محکموں کا اضافی قلم دان بھی تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان رشید چنا نے ناصرحسین شاہ کے استعفے کے حوالے سے کہا تھا کہ ‘وہ وفاقی وزیر علی محمدمہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والے قومی اسمبلی کے حلقے میں پی پی پی امیدوار سردار محمد بخش مہر کی انتخابی مہم چلانے جارہے ہیں’۔

قومی اسمبلی کے حلقے میں پی پی پی امیدوار سردار محمد بخش مہر نے سابق وفاقی وزیر علی محمد مہر کے بیٹے کو شکست دے کر نشست حاصل کرلی تھی اور قومی اسمبلی میں بطور رکن حلف بھی اٹھا لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں