خراب کارکردگی پر معین علی دوسرے ایشز ٹیسٹ سے ڈراپ

10 اگست 2019
معین علی کو ناقص کارکردگی پر انگلش اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا— فائل فوٹو: رائترز
معین علی کو ناقص کارکردگی پر انگلش اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا— فائل فوٹو: رائترز

انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایشز ٹیسٹ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور اسپن آل راؤنڈر معین علی کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

معین علی کو پہلے ایشز ٹیسٹ میچ میں ناقص کارکردگی کے سبب ٹیم سے ڈراپ کیا گیا جہاں وہ میچ میں 172 رنز کے عوض تین وکٹیں لے سکے تھے جبکہ ان کے مقابلے میں آسٹریلیا کے نیتھن لائن نے 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

بیٹنگ میں بھی معین کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور وہ دونوں اننگز میں بالترتیب صفر اور 4 رنز ہی اسکور کر سکے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے ولے معین علی کی فارم حالیہ عرصے میں کافی خراب رہی ہے جس کی وجہ سے انہیں ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی فائنل الیون سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا اور اب وہ ٹیسٹ ٹیم میں بھی جگہ نہیں بنا سکیں گے۔

ٹیسٹ کے لیے انگلش اسکواڈ میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں کیونکہ تجربہ کار جیمز اینڈرسن اور اولی اسٹون انجریز کے سبب دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن کی جگہ جوفرا آرچر کو کھلائے جانے کا امکان ہے اور وہ ممکنہ طور پر اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔

دوسری جانب معین علی کی جگہ انگلینڈ نے بائیں ہاتھ کے جیک لیچ کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔

14 اگست سے لارڈز میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کا 12رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

جو روٹ(کپتان)، جوفرا آرچر، جونی بیئراسٹو، اسٹورٹ براڈ، رورے برنز، جوز بٹلر، سیم کرن، جو ڈینلی، جیک لیچ، جیسن روئے، بین اسٹوکس اور کرس ووکس۔

تبصرے (0) بند ہیں