ایک سال کے دوران پی سی بی کے اخراجات میں نمایاں کمی

اپ ڈیٹ 26 اگست 2019
وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سال احسان مانی کو پی سی بی کی چیئرمین شپ سونپی تھی— فائل فوٹو: اے پی
وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سال احسان مانی کو پی سی بی کی چیئرمین شپ سونپی تھی— فائل فوٹو: اے پی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے وزیر اعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کو عملی جامع پہناتے ہوئے بورڈ کے اخراجات میں نمایاں کمی کر دی ہے اور گزشتہ سربراہان کے مقابلے میں اخراجات کی مد میں سب سے کم رقم خرچ کی گئی۔

پی سی بی نے مالیاتی رپورٹ 2019 جاری کر دی جس کے تحت چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سابقہ چئیرمینز کے مقابلے میں کم اخراجات کیے جبکہ بورڈ کے لیے سابق چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی موجودہ سربراہ احسان مانی اور سابق چیئرمین شہریار خان سے زیادہ مہنگے ثابت ہوئے۔

ایک سال کے دوران چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ایک کروڑ 3 لاکھ 59 ہزار 76 روپے خرچ کیے اور نجم سیٹھی کے دور میں خرچ کی گئی رقم کے مقابلے میں یہ اعدادوشمار تین گنا کم ہیں۔

سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے 18-2017 کے مالی سال کے دوران 3 کروڑ 95 لاکھ 2 ہزار 342 روپے خرچ کیے جبکہ ان سے قبل سابق سربراہ شہریار خان کے دور میں مالی سال 17-2016 میں 1 کروڑ 96 لاکھ 92 ہزار 788 روپے کے اخراجات کیے گئے۔

اس طرح نجم سیٹھی نے موجودہ سربراہ کے مقابلے میں تقریباً 2 کروڑ 90لاکھ روپے سے زائد اضافی خرچ کیے جبکہ شہریار خان کے دور میں بھی موجودہ سربراہ کے دور کے مقابلے میں کم و بیش 90لاکھ روپے کی اضافی رقم خرچ کی گئی۔

احسان مانی نے گاڑیوں کے الاؤنس کی مد میں 7 لاکھ 72 ہزار 970 روپے خرچ کیے لیکن نجم سیٹھی کے دور میں یہ خرچ بڑھ کر 62 لاکھ 93 ہزار 896 روپے تک پہنچ گیا تھا۔

نجم سیٹھی کے پیشرو کے دور میں گاڑیوں کے الاؤنس کی مد میں زیادہ رقم خرچ نہ کی گئی اور مجموعی طور پر 10 لاکھ 28 ہزار 807 روپے وہیکل الاؤنس کی مد میں خرچ کیے گئے۔

اسی طرح نجم سیٹھی نے سفری اخراجات کی مد میں ایک کروڑ 2 لاکھ 29 ہزار 483 روپے کی خطیر رقم خرچ کی جبکہ شہریار خان کے دور میں اس مد میں 71 لاکھ 84 ہزار 621 روپے صرف ہوئے۔

لیکن احسان مانی کے دور میں یہاں بھی خرچ میں واضح کمی دیکھنے کو ملی اور احسان مانی نے بیرون ملک سفری اخراجات پر 50 لاکھ 936 روپے خرچ کیے۔

دوسری پی ایس ایل الاؤنس کے معاملے پر پی سی بی اور سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے درمیان تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ انہیں پی ایس ایل الاؤنس کی مد میں ایک کروڑ 41 لاکھ 81 ہزار 570 روپے جبکہ الاؤنس اور فوائد کی مد میں 72لاکھ 74ہزار 429 روپے کی رقم ادا کرے جس پر ان سے پی سی بی کا تنازع چل رہا ہے۔

پی سی بی نے الاؤنس کی مد میں درج رقم روک لی ہے جبکہ نجم سیٹھی نے مذکورہ رقوم کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

تاہم ساتھ ساتھ پی سی بی نے بھی الاؤنس اور فوائد کی مد میں نجم سیٹھی سے 72لاکھ 74ہزار 429 روپے کی رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔

بورڈ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے 81 لاکھ روپے کا انٹرٹینمنٹ او رہائشی الاؤنس لینے سے انکار کر دیا تھا جس سے بورڈ کو خطیر رقم کی بچت ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں