سابق عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2019
عبدالقادر 63 برس کی عمر میں انتقال کرگئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی
عبدالقادر 63 برس کی عمر میں انتقال کرگئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے کے باعث 63 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹر لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہوسکے۔

سلمان قادر کا کہنا تھا کہ ‘میرے والد کو دل کا عارضہ کبھی نہیں رہا تھا لیکن پہلی مرتبہ انہیں دل کا شدید دورہ پڑا اور جاں بر نہ ہوسکے’۔

عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچز کھیلے۔

منفرد ایکشن کے مالک سابق لیگ اسپنر کو اپنے دور میں خطرناک باؤلر تصور کیا جاتا تھا اور انہوں نے عمران خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قیادت میں پاکستان کو متعدد مرتبہ کامیابیاں بھی دلائیں۔

پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں 15 ستمبر 1955 کو پیدا ہونےو الے عبدالقادر نے 14 دسمبر 1977 کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں ہی ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں 11 جون 1983 کو ڈیبیو کیا تھا۔

عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں کی 111 اننگز میں 236 وکٹیں حاصل کی اور ایک اننگز میں 56 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کرنا ان کی ایک میچ میں بہترین کارکردگی تھی۔

انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 104 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور اپنی 100 اننگز میں 132 وکٹیں حاصل کی ۔

عظیم لیگ اسپنر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں دسمبر 1990 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا اسی طرح آخری ایک روزہ میچ 2 نومبر 1993 کو سری لنکا کے خلاف شارجہ میں کھیلا۔

عبدالقادر نے 2009 قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دیں اور ان کی منتخب ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق لیگ اسپنر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیان میں کہا کہ ‘پی سی بی عظیم عبدالقادر کے انتقال کی خبر پر غم زدہ ہے’۔

پی سی بی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ‘بورڈ ان کے خاندان اور دوستوں سے گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے’۔

سابق عظیم کرکٹ کی اچانک وفات پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ میں آرمی چیف کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان نے ایک عظیم کھلاڑی اور انسان کو کھویا’۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عبدالقادر کے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ‘اللہ ان کی مغفرت کرے اور ان کے خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان پر تحمل عطافرمائے ’۔

خیال رہے کہ سابق لیگ اسپنر کے بیٹے عثمان قادر نے گزشتہ برس جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ٹور میچ میں آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کی نمائندگی کی تھی۔

لاہور میں پیدا ہونے والے عثمان قادر 2016 میں آسٹریلیا منتقل ہوئے تھے اور پاکستان میں کرکٹ کے حوالے سے کہا تھا کہ ان کے ملک میں کھیلوں میں سیاست کا عمل دخل ہوتا ہے۔

آسٹریلیا میں انہوں نے سڈنی میں گریڈ کرکٹ کھیلی اور اس سے قبل ایڈیلیڈ میں کلب مقابلوں میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں۔

عثمان قادر نے پاکستان میں بھی فرسٹ کلاس میچز کھیلے جبکہ آسٹریلیا میں سڈنی میں صرف 6 میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کر کے موجودہ کوچ جسٹن لینگر اور سابق فاسٹ باؤلر جیف لاسن کی توجہ حاصل کرلی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں