ایشز: انگلینڈ کو چوتھے میچ کی پہلی اننگز میں مشکلات کا سامنا

07 ستمبر 2019
بیئراسٹو اور اسٹوکس وکٹ پر موجود ہیں—فوٹو:رائٹرز
بیئراسٹو اور اسٹوکس وکٹ پر موجود ہیں—فوٹو:رائٹرز

ایشز کے چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کو آسٹریلیا کے 497 رنز کے پہاڑ کو برابر کرنے کے مشکلات کا سامنا ہے جہاں کھیل کے تیسرے روز میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں پر 200 رنز بنالیے۔

مانچسٹر میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میں جب تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ کا اسکور ایک وکٹ پر 23 رنز تھا تاہم آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو مشکل سے دوچار کردیا۔

روری برنز اور کپتان جو روٹ نے 25 رنز پر 2 وکٹین گرنے کے بعد ٹیم کے اسکور 166 رنز تک پہنچایا تاہم برنز 81 بنا کر ہیزل ووڈ کی وکٹ بن گئے۔

جوروٹ 175 رنز پر آؤٹ ہونے والے انگلینڈ کے چوتھے بلے باز تھے جنہوں نے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ 196 کے مجموعے پر ہیزل ووٹ نے 22 رنز بنانے والے جیسن روئے کی وکٹیں بھی اڑا دیں۔

انگلینڈ کی 5 وکٹیں 196 رنز پر گر چکی تھیں اور ٹیم کی بھارتی ذمہ داری ایک مرتبہ پھر اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے کندھوں پر آگئی ہے جو 7 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 5 وکٹوں پر 200 رنز بنا لیے تھے اور آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 297 رنز درکار ہیں جبکہ اسٹوکس اور جونی بیئراسٹو کھیل رہے تھے۔

آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے اسٹیو اسمتھ کی شان دار 211 رنز کی انفرادی اننگز کی بدولت اپنی پہلی اننگز 8 وکٹوں پر 497 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

آسٹریلیا کومیچ کے پہلے روز شدید مشکلات کا سامنا رہا تھا تاہم اسمتھ نے مرد بحران کا کردار نبھاتے ہوئے شان دار اننگز کھیل کر ٹیم کو بھی بہترین پوزیشن پر لاکھڑا کردیا تھا۔

پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے دیگر بلےبازوں میں مارنس نے 67، کپتان ٹم پین 58 اور مچل اسٹارک 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کی تھیں، لیچ اور اوورٹن نے بالترتیب 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ دونوں ایک،ایک میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز کو برابر کرچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں