رشتہ کرانے والی خواتین پر کامیڈین دانش علی کا دلچسپ طنز

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2019
کامیڈین کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے —فوٹو بشکریہ / دانش علی فیس بک
کامیڈین کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے —فوٹو بشکریہ / دانش علی فیس بک

کچھ روز قبل رشتے کرانے والی نامور پاکستانی خاتون مسز خان نے ایک نیوز چینل پر خواتین کی شادیوں اور ان کے رویوں پر اپنی رائے کا اظہار کرکے خوب توجہ حاصل کی اور اب لگتا ہے کہ مشہور کامیڈین دانش علی ان تمام رشتے کرانے والی خواتین کو کچھ سکھانے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزاحیہ ویڈیوز سے سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے دانش علی نے ایک نئی ویڈیو ریلیز کی جس میں پاکستان میں رشتہ کرانے کے روایتی طریقے کو مزاحیہ انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

دانش علی کی ویڈیو میں نامور پاکستانی اداکار علی رحمٰن اور اداکارہ حریم فاروق بھی نظر آئیں۔

کامیڈین نے اپنی ویڈیو کو رشتے کا سودا نام دیا، جس میں وہ ٹھیلے پر لڑکوں کے رشتے بیچتے نظر آئے۔

اس ویڈیو میں دانش علی رشتہ کرانے والے شخص کے روپ میں جلوہ گر ہوئے جبکہ حریم فاروق اپنی والدہ کے ہمراہ اپنے لیے 'مناسب پیسوں' میں بہترین رشتہ ڈھونڈنے کی کوشش میں سرگرم رہیں۔

علی رحمٰن خان اور حریم فاروق نے اس ویڈیو میں اپنی فلم 'ہیر مان جا' کی تشہیر بھی کی، جو رواں سال عیدالضحیٰ پر ریلیز ہوئی تھی۔

ویڈیو میں دانش علی نے حریم فاروق کو ڈاکٹر، بینکر، کاروباری شخص ہر قسم کا رشتہ بتایا۔

تاہم آخر میں اس لڑکے کا انتخاب کیا گیا جس کا ڈیفنس میں اپنا گھر اور اپنی خود کی فیکٹری ہے، اس پر جب اداکارہ نے سوال کیا کہ یہ سستے دام میں کیوں مل رہا ہے تو کامیڈین نے بتایا کہ اس پر قتل کرنے کا الزام بھی عائد ہے۔

لیکن لڑکی کی والدہ نے اس لڑکے کی دولت کو دیکھتے ہوئے اس سے ذبردستی شادی کرانے کے ساتھ دیکھنے والوں کو ایک اہم پیغام بھی دیا۔

مزید پڑھیں: دانش علی کا وی آئی پی کلچر پر طنز

اس ویڈیو میں دانش علی نے کئی دقیانوسی روایات کو مزاحیہ انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا، جیسے پاکستانی والدین کا لڑکی کی شادی بیرون ملک بسے لڑکے سے کرانے کا رجحان یا پھر ڈاکٹر سے کرانے پر زور دینا وغیرہ۔

ساتھ ساتھ اس بات کو بھی ہائی لائٹ کیا گیا کہ رشتہ کرانے والی خواتین ایسے رشتے کرانے کا زیادہ معاوضہ حاصل کرتی ہیں جس میں لڑکا گرین کارڈ ہولڈر ہو۔

ویڈیو میں جہیز لینے کی روایت کو بھی تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ یہ بات بھی پیش کی گئی کہ لڑکی کے والدین بیٹی کی شادی پر اپنی زندگی بھر کی کمائی خرچ کردیتے ہیں۔

دانش علی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کررہی ہے جبکہ اسے متعدد اکاونٹس اور پیجز پر شیئر بھی کیا جارہا ہے۔

یوٹیوب پر یہ ویڈیو 4 لاکھ سے زائد جبکہ فیس بک پر ایک کروڑ 30 لاکھ مرتبہ دیکھی جاچکی ہے۔

واضح رہے کہ دانش علی ٹی وی ہوسٹ اور کامیڈین ہونے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر بھی ہیں، ان کے یوٹیوب چینل کو 2 لاکھ 75 افراد سسکرائب کرچکے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

ali Sep 17, 2019 02:06pm
Danish's comedy is sober hai really targeting the key social issues as well. great work, keep it up.