ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2019
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا — فائل فوٹو/اے ایف پی
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا — فائل فوٹو/اے ایف پی

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ملک میں مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش ظاہر کیا اور بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ڈینگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے ملک میں اینٹی ریبیز ویکسین کی قلت کا اعتراف بھی کیا۔

دوسری جانب ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈینگی سے متاثر قبائلی و شہری علاقوں میں خصوصی کلینکس آج سے فعال ہوگئے جہاں عوام کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور متاثرہ مریضوں کو شہر کے 3 بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔

کمشنر کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ڈان کو بتایا کہ خصوصی کلینکس کو شہر اور کینٹونمنٹ کے علاقوں کے 5 صحت سینٹرز میں ہولی فیملی ہسپتال، بینظیر بھٹو ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے قائم کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی افراد ڈینگی کے ٹیسٹ کے لیے ہسپتال آتے ہیں جبکہ تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد کم ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'مثال کے طور پر 100 افراد ڈینگی وارڈ آئے تاہم ان میں سے 20 فیصد ڈینگی کے مریض تھے، زیادہ تعداد میں لوگوں کی موجودگی سے وارڈ میں رش لگ جاتا ہے تو ہم نے فیصلہ کیا کہ خصوصی کلینکس قائم کیے جائیں تاکہ ڈاکٹر سے ڈینگی کے مریضوں پر توجہ دے سکیں'۔

مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک

اس حوالے سے 5 میں سے 2 کلینکس کوٹھا کلان یونین کونسل اور خیبان سر سید میں آج سے کام کا آغاز کریں گے۔

ثاقب ظفر کا کہنا تھا کہ 'ان کے ڈاکٹر اور پیرا میڈکس کی ٹیم عوام کا ڈینگی کا ٹیسٹ کرے گی اور مرض کی تصدیق کے بعد شہر کے 3 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں داخلے کے لیے نوٹ لکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دیگر 3 کلینکس کو اس جگہ قائم کیا جائے گا جہاں سے ڈینگی کے زیادہ کیسز سامنے آئیں گے۔

ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ خان ڈوگر نے مساجد اور امام بارگاہوں کے اماموں سے دعا اور عوام میں ڈینگی سے بچنے کے حفاظتی اقدامات کے لیے آگاہی پھیلانے کی درخواست کی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں رواں سال کے دوران ڈینگی کیسز کی تعداد 9 ہزار تک جاپہنچی

انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا اور تمام مسالک کے مذہبی رہنماؤں سے ضلعی انتظامیہ کی ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم پھیلانے میں مدد کا کہا۔

انہوں نے سرکاری اداروں، کینٹونمنٹ بورڈ اور پاکستان ریلویز سے انسداد ڈینگی مہمات کا آغاز کرنے کا بھی کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے اور شہریوں کو راولپنڈی ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر شہر کو ڈینگی اور کچرے سے پاک بنانے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں