عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2019
برینٹ کروڈ فیوچرز میں تیل کی قیمت 65.50 ڈالر فی بیرل اور ڈبلیو ٹی آئی کروڈ فیوچرز میں 58.61 ڈالر فی بیرل ہوگئی — اے ایف پی/فائل فوٹو
برینٹ کروڈ فیوچرز میں تیل کی قیمت 65.50 ڈالر فی بیرل اور ڈبلیو ٹی آئی کروڈ فیوچرز میں 58.61 ڈالر فی بیرل ہوگئی — اے ایف پی/فائل فوٹو

سعودی عرب سے تیل کی فراہمی میں کمی آنے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز میں تیل کی قیمت بڑھ کر فی بیرل 65.50 ڈالر ہوگئی۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ فیوچرز میں تیل کی قیمت فی بیرل 58.61 ڈالر ہوگئی۔

مزید پڑھیں: سعودی تنصیبات پر حملہ: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

دنیا کے سب سے بڑے تیل کے برآمدکار سعودی عرب کی عالمی مارکیٹ کو رواں ماہ کے آخر تک اپنی پوری پیداوار بحال کرنے کی یقین دہانی کے باوجود خریدار اور تاجر کی تشویش برقرار ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل پیدا کرنے والی کمپنی آرامکو کے آئل پروسیسنگ پلانٹ پر گزشتہ ہفتے حملہ کیا گیا تھا۔

حملے کی وجہ سے پلانٹ کا کچھ حصہ متاثر ہوا تھا جس کے بعد اسے بند کردیا گیا تھا۔

سنگاپور کے توانائی کے امور کی مہارت رکھنے والے وریندرا چوہان کا کہنا تھا کہ 'فنڈ برادری حملے کو اس مفروضے پر بھلا چکی تھی کہ سپلائی فوری بحال ہوجائے گی تاہم حقیقت اس سے مختلف نظر آئی'۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی دو بڑی آئل فیلڈز پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے

حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا، پینٹاگون نے خلیج میں اضافے فوج تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے تاکہ سعودی عرب کی فضائی اور میزائل ڈیفنس کو مضبوط کیا جاسکے'۔

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ فوجیوں کو 'مزاحمت اور دفاع' کے لیے تعینات کیا ہے اور واشنگٹن ایران سے جنگ نہیں چاہتا۔

امریکا کی ریاست ٹیکساس کے ریفائنرئز پر آنے والے طوفان کا اثر کم ہوا ہے اور ایگزون موبل کورپوریشن اور والیرو کورپوریشن نے اپنی کروڈ پروسیسنگ یونٹس کو گزشتہ روز بحال کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں