انسداد ڈینگی ٹیم پر تشدد، خاتون رضاکار کو قید کرلیا

23 ستمبر 2019
ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک گھر کے مکینوں نے انسداد ڈینگی ٹیم کی ایک خاتون رضاکار کو مبینہ طور پر قید میں لیا جبکہ دیگر اراکین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انسداد ڈینگی ٹیم کے انچارج شہباز علی ملک نے پولیس کو درج کرائی گئی شکایت میں کہا کہ وہ، نبیلہ بی بی، کامران خان، امیرا بی بی اور دیگر نے مورگاہ میں آفیسرز کالونی میں چوہدری افضل کے گھر کی گھنٹی بجائی اور ان سے انسداد ڈینگی اسپرے کرنے کی اجازت مانگی۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص، جس کی بعد میں شناخت خرم کے نام سے ہوئی، وہ خواتین سمیت دیگر لوگوں کے ساتھ گھر سے باہر آئے اور مزاحمت کی، انہوں نے ہماری ٹیم کے اراکین پر تشدد کیا اور ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی

ایف آئی آر میں انہوں نے موقف اپنایا کہ 'ان کی ٹیم کی ایک رکن نبیلہ کو گھر کے رہائشیوں نے ایک کمرے میں بند کردیا'۔

تاہم فی الحال پولیس نے اس کیس سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا۔

علاوہ ازیں پولیس لائن ہیڈکوارٹرز کی حدود میں واقع پولیس کالونی میں محکمہ صحت کی ایک ٹیم نے اسنیپ چیکنگ کی اور سٹی پولیس افسر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ڈینگی کی وبا کے امکان سے متعلق آگاہ کیا کیونکہ وہاں ایک گلی میں مچھروں کی افزائش کی جگہیں موجود تھیں جبکہ وہاں ایک بہت بڑا ڈینگی لاروا پایا گیا تھا۔

اس حوالے سے محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ رہائشی علاقوں کی گلیوں میں سے ایک مکمل ڈینگی لاروا سے بھری ہوئی تھی۔

عہدیدار نے کہا کہ 'یہ گلی ڈینگی لاروا سے بھری ہوئی ہے، رہائشی کوارٹرز کی چھتوں پر جھاڑیاں بڑھ رہی ہیں اور پولیس لائن کے ایک حصے میں کباڑہ گاڑیوں کی کثیر تعداد موجود ہے جس کے اندر جھاڑیاں بڑھ رہی ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک

انہوں نے کہا کہ پولیس کالونی میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا اور رہائشیوں کو مچھروں سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے خبردار کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

انہوں نے ملک میں مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش ظاہر کیا تھا اور بتایا تھا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں