پاکستان کے زیادہ تر روایتی کھانے مصالحے دار ہوتے ہیں، جنہیں کھانے میں اپنا ہی مزہ ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک بھر میں ہوٹلوں کے مقابلے گھروں میں بننے والے روایتی کھانے کم مصالحے دار ہوتے ہیں، کیوں کہ انہیں گھر کے تمام افراد کی پسند کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا جاتا ہے۔

ایسے ہی مصالحے دار کھانوں میں سے ایک دم کا قیمہ بھی ہے، جسے محنت طلب سمجھ کر کم لوگ ہی گھروں میں تیار کرتے ہیں۔

یہاں دم کا قیمہ بنانے کی نہایت آسان ترکیب بیان کی جارہی ہے، اسے اپنے باورچی خانے میں ضرور آزمائیں۔

اجزاء

آدھا کلو سے تین پاﺅ تک گوشت کا قیمہ

دو پیاز کٹی ہوئی

ایک چائے کا چمچ ادرک لہسن

ایک سے دو چائے کے چمچ مرچ پاﺅڈر

حسبِ ذائقہ ہلدی

تین چائے کے چمچ دہی

ایک چائے کا چمچ خام پپیتا

دو ہری مرچیں

دو چائے کے چمچ لیموں کا رس

کوئلے کا ایک چھوٹا ٹکڑا

نمک حسب ذائقہ

ایک چوتھائی کپ تیل

چار سے پانچ لونگیں

طریقہ کار

پیاز، سبز مرچ اور تیل کے علاوہ قیمے میں تمام مصالحے لگا کر ڈھانپ کر کچھ گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر ایک الگ برتن میں تیل کو گرم کرکے اس میں پیاز کو ہلکا سنہری رنگ آنے تک پکائیں اس کے بعد قیمہ اس میں شامل کرکے کچھ منٹ تک تیز آنچ پر پکنے دیں۔

کوئلے پر ایک پنی چڑھائیں جس پر ایک چائے کا چمچ تیل لگایا گیا ہو اور پھر اسے برتن میں ڈال دیں، پھر اس کو ڈھکن سے بند کرکے بیس سے تیس منٹ تک درمیانی آنچ پر دم دینے کے طریقہ کار کے مطابق پکائیں۔

پھر کوئلہ نکال کر اس میں سبز مرچوں کو شامل کریں اور پھر ڈھکن سے برتن بند کردیں اور پھر ہلکی آنچ میں اس وقت تک پکائیں جب تک وہ تیار نہ ہوجائے۔

ہرا دھنیہ، پودینہ، لیموں اور کٹی ہوئی پیاز سے اس کو سجائیں اور نان یا پراٹھے کے ساتھ پیش کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں