108 میگا پکسل کیمرے والا پہلا کمرشل اسمارٹ فون

28 اکتوبر 2019
سی سی 9 پرو — فوٹو بشکریہ شیاؤمی
سی سی 9 پرو — فوٹو بشکریہ شیاؤمی

شیاﺅمی نے ایک نیا فون متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو دنیا کا پہلا ایسا کمرشل فون ہوگا جس میں 108 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔

شیاﺅمی می سی سی 9 پرو نامی اس فون میں بیک پر مجموعی طور پر 5 کیمرے ہوں گے جن میں سے ایک 108 میگا پکسل سنسر سے لیس ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے 5 نومبر کو یہ فون پیش کیا جارہا ہے جس میں عمودی کیمرا سیٹ اپ میں 5 کیمرے اور ڈوئل ایل ای ڈی فلیش موجود ہے جس پر 5 ایک آپٹیکل زوم بھی لکھا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شیاﺅمی ہی وہ کمپنی ہے جس نے می مکس الفا میں پہلی بار 108 میگا پکسل کیمرا دیا تھا مگر وہ عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں بلکہ ایک کانسیپٹ فون ہے۔

سی سی 9 پرو پہلا ایسا فون ہوگا جس میں سام سنگ کے 108 میگا پکسل سنسر والا کیمرا عام صارفین کے لیے بھی دستیاب دیا جارہا ہے جو کہ بائی ڈیفالٹ 27 میگاپکسل تصاویر لے گا۔

یہ دنیا کا دوسرا فون بھی ہوگا جس میں بیک پر 5 کیمرے دیئے جارہے ہیں، اس سے قبل نوکیا 9 پیورویو پہلا ایسا فون تھا۔

کمپنی اس فون کو ایسے افراد کے لیے متعارف کرا رہی ہے جو اسمارٹ فن فوٹوگرافی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ہر طرح کی تصاویر ایک فون سے لے سکیں جیسے وائیڈ اینگل لینڈ اسکیپ، 5 ایکس زوم فوٹو، کم روشنی میں بہتر تصاویر، میکرو شاٹس اور دھندلے پس منظر والی تصاویر۔

اس فون کے بارے میں کمپنی نے مزید تفصیلات تو ظاہر نہیں کیں مگر مختلف لیکس کے مطابق اس میں 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی دی جائے گی۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ شیاﺅمی کے فونز فیچرز کے لحاظ سے متاثر کن ہونے کے باوجود کافی حد تک سستے ہوتے ہیں تو یہ نیا فون بھی ممکنہ طور پر مڈرینج فونز والی قیمت کا ہوسکتا ہے۔

ویسے یہ جان لیں کہ زیادہ میگاپکسلز کی موجودگی کا مطلب ہمیشہ اچھی تصاویر لینا نہیں ہوتا، ہواوے پی 20 پرو 40 میگا پکسل لینس سے بہترین تصاویر لیتا ہے مگر گوگل پکسل تھری لگ بھگ اتنی ہی اچھی تصاویر 12.2 میگا پکسل لینس سے لے لیتا ہے۔

مگر پھر بھی یہ بہت مشکل ہے کہ 108 کے ہندسے کو نظرانداز کیا جاسکے جو کہ 8 گنا زوم کرسکتا ہے جبکہ تصویر کا معیار بھی خراب نہیں ہوتا۔

تبصرے (0) بند ہیں