’ستارہ‘ نیٹ فلیکس پر پہلی پاکستانی اینیمیٹڈ فلم

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2019
فلم کا مختصر ٹریلر گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کا مختصر ٹریلر گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

کسی ڈائیلاگ کے بغیر ایک کمسن لڑکی کی زندگی کی مکمل داستان سناتی پاکستانی اینیمیٹڈ فلم ’ستارہ‘ کو ویب اسٹریمنگ چینل ’نیٹ فلیکس‘ امریکا پر ریلیز کیا جائے گا۔

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کی سربراہی میں چلنے والی ان کی فلم اکیڈمی (ایس او سی) کی جانب سے گزشتہ ماہ ریلیز کی گئی فلم ’ستارہ‘ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک 14 سالہ لڑکی کی زندگی کی کہانی پر مشتمل ہے۔

اس اینیمیٹڈ آگاہی فلم کو امریکی پروڈکشن ہاؤس اور پروڈیوسرز کے ساتھ جاری کیا گیا تھا، جسے اب ’نیٹ فلیکس امریکا‘ پر جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کچھ بولے بغیر زندگی کی مکمل داستان سناتی ’ستارہ‘

’نیٹ فلیکس‘ پر جاری کیے جانے کے بعد ’ستارہ‘ کو دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں دیکھا جائے گا۔

فلم  کی کہانی لاہور کے ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے—اسکرین شاٹ
فلم کی کہانی لاہور کے ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے—اسکرین شاٹ

شوبز ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ کے مطابق ’ستارہ‘ کو نیٹ فلیکس پر آئندہ ماہ 15نومبر کو دنیا کے دیگر ممالک کی اینیمیٹڈ فلموں کو ریلیز کرنے کے سلسلے کے تحت ریلیز کیا جائے گا۔

’ستارہ‘ سمیت نیٹ فلیکس پر دیگر ممالک کی سماجی مسائل پر بنائی گئی اینیمیٹڈ فلموں کو ریلیز کیا جائے گا اور ان فلموں کو ریلیز کرنے کا سلسلہ 15 نومبر 2019 سے شروع ہوگا جو آئندہ برس کے آغاز تک جاری رہے گا اور اسی سلسلے کے دوران ہی پاکستانی فلم کو بھی ریلیز کیا جائے گا۔

ستارہ نیٹ فلیکس پر ریلیز کی جانے والی پہلی اینیمیٹڈ پاکستانی فلم ہوگی—اسکرین شاٹ
ستارہ نیٹ فلیکس پر ریلیز کی جانے والی پہلی اینیمیٹڈ پاکستانی فلم ہوگی—اسکرین شاٹ

فلم کے جاری کیے گئے تقریبا 46 سیکنڈ کے ٹریلر میں کوئی بھی ڈائلاگ نہیں دیا گیا، ٹریلر میں صرف جذبات اور مناظر کی مدد سے کہانی کو پیش کیا گیا ہے۔

فلم کی کہانی پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے اولڈ ایریا میں رہنے والی 14 سالہ ستارہ اور ان کے اہل خانہ کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: شرمین عبید کی اینیمیٹڈ فلم سیریز عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد

ٹریلر میں کوئی بھی ڈائلاگ نہ ہونے کے باوجود فلم کی کہانی دیکھنے والوں کے دل کو نہ صرف چھوتی ہے بلکہ حساس دل افراد کو رونے پر بھی مجبور کرتی ہے۔

فلم میں 14 سالہ ستارہ کو پائلٹ بننے کے خواب دیکھتے دکھایا گیا ہے۔

ستارہ کو 2020 تک ریلیز کردیا جائے گا—پرومو فوٹو
ستارہ کو 2020 تک ریلیز کردیا جائے گا—پرومو فوٹو

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ستارہ اپنی 6 سالہ بہن کے ساتھ کھیلتے اور پائلٹ بننے کے سپنے دیکھتی رہتی ہے اور اسی دوران ان کے والدین ان کی شادی طے کر لیتے ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کھیلنے کودنے کے دنوں میں اپنی بڑی بہن کو سرخ جوڑے میں دیکھ کر ان کی کمسن بہن رو پڑتی ہیں اور انہیں کچھ سمجھ نہیں آتا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کتنے منٹ کے دورانیے پر مشتمل ہے، تاہم رپورٹس کے مطابق فلم 30 منٹ سے زائد دورانیے پر مبنی ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اس فلم کی ہدایات شرمین عبید چنائے نے دی ہیں، اینیمیشن ڈائریکٹر کی خدمات کامران خان دی ہیں جب کہ بابرس خان نے کریکٹر ڈزائنر کی خدمات سر انجام دی ہیں اور فلم کو امریکی پروڈیوسرز کے اشتراک سے بنایا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں