شرمین عبید کی اینیمیٹڈ فلم سیریز عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد

آگاہی مہم سیریز کے تحت 14 دستاویزی ویڈیوز جاری کی گئی تھیں—اسکرین شاٹ
آگاہی مہم سیریز کے تحت 14 دستاویزی ویڈیوز جاری کی گئی تھیں—اسکرین شاٹ

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائےکی سربراہی میں چلنے والی ان کی فلم اکیڈمی (ایس او سی) کی جانب سے گذشتہ برس ریلیز کی گئی خواتین کے حقوق اور تحفظ سے متعلق اینیمیٹڈ ’آگاہی‘ فلم سیریز کو عالمی ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

شرمین عبید چنائے فلم کی جانب سے بنائی گئی اینیمیٹڈ آگاہی مہم شارٹ فلم سیریز کو تخلیقی، تعمیری، صنعتی اور فلاحی منصوبوں کو ایوارڈ دینے والے عالمی ادارے ’کانز لائنز انٹرنیشنل فیسٹیول آف کریئٹویٹی‘ کی جانب سے ’پائدار ترقی کے لیے اہداف‘ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا۔

اس کیٹیگری میں شرمین عبید چنائے کی فلم سیریز سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی مختصر تخلیقی دستاویزی فلمیں بھی نامزد کی گئی ہیں۔

’کانز لائنز انٹرنیشنل فیسٹیول آف کریئٹویٹی‘ کی جانب سے مجموعی طور پر 27 سے زائد کیٹیگریز کے لیے اداروں کے منصوبوں اور انفرادی افراد کے پروجیکٹس کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

یہ ادارہ ہر سال دنیا بھر کے درجنوں ممالک کے اداروں اور انفرادی افراد کے ایسے منصوبوں کو ایوارڈ کے لیے نامزد کرتا ہے جن سے معاشرے میں بہتری آتی ہو اور رواں برس ادارے کی جانب سے 66 ویں سالانہ ایوارڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔

ادارے نے نامزد کی گئی 27 کیٹیگریز میں سے 23 کیٹیگریز کے فاتحوں کا اعلان کردیا ہے، تاہم جس کیٹیگری میں شرمین عبید چنائے کے فلمی ادارے کی فلم کو نامزد کیا گیا ہے، اس کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ’کانز لائنز انٹرنیشنل فیسٹیول آف کریئٹویٹی‘ میں کوئی پاکستانی فلم نامزد ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آگاہی مہم: گھریلو تشدد کیا ہے اور اس کی کتنی اقسام ہیں؟

اگر اینیمیٹڈ آگاہی فلم سیریز ایوارڈ جیتنے میں کامیاب جاتی ہے تو یقینا یہ شرمین عبید چنائے کا پہلا عالمی ایوارڈ نہیں ہوگا، اس سے قبل وہ فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر کو 2 بار جیت چکی ہیں۔

شرمین عبید چنائے کے فلمی ادارے کی جانب سے جاری گذشتہ برس کے آخر میں ریلیز کی گئی اینیمیڈ آگاہی فلم سیریز کے دوران مجموعی طور پر 14 اینیمیٹڈ ویڈیوز کو ریلیز کیا گیا تھا۔

آگاہی مہم کے تحت جاری کی گئی دستاویزی تعلیمی ویڈیوز 2 سے 3 منٹ دورانیے پر مبنی تھیں، جنہیں اردو زبان میں آن لائن ریلیز کیا گیا تھا۔

ان ویڈیوز میں خواتین کے ساتھ ہونے والے مسائل، مثلا گھریلو تشدد، طلاق، جنسی طور پر ہراساں کیا جانا اور جائداد کے حق سے محروم رکھنے وغیرہ جیسے مسائل پر خواتین کو قانونی اور آئینی مشورے اور معلومات فراہم کی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: آگاہی مہم: کیا آپ کو معلوم ہے 'ایف آئی آر' کیسے درج کرائی جاتی ہے؟

ساتھ ہی خواتین کو ایسے قوانین کے بارے میں بتایا گیا تھا جو کہ خواتین کے لیے اہم ہیں اور ان ویڈیوز کے ذریعے خواتین کو سمجھایا گیا تھا کہ وہ کس طرح قانون کا استعمال کرتے ہوئے اپنے حقوق حاصل کرسکتی ہیں۔

آگاہی مہم کے تحت 2 سے 3 منٹ دورانیے کی دستاویزی ویڈیوز جاری کی گئی تھیں—اسکرین شاٹ
آگاہی مہم کے تحت 2 سے 3 منٹ دورانیے کی دستاویزی ویڈیوز جاری کی گئی تھیں—اسکرین شاٹ

اس مہم کے بعد شرمین عبید چنائے کے فلمی ادارے کی جانب سے اب بچوں پر تشدد اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور اس مہم کے سلسلے میں اب تک 2 سے زائد ویڈیوز ریلیز کی جا چکی ہیں۔

بچوں پر تشدد کے حوالے سے آگاہی مہم کے سلسلے میں بھی متعدد ویڈیوز جاری کی جائیں گی اور ان ویڈیوز کے ذریعے لوگوں کو معلومات فراہم کی جا رہی ہے کہ وہ کس طرح بچوں پر ہونے والے تشدد کو روکنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

شرمین عبید چنائے پہلے بھی آسکر سمیت دیگر ایوارڈ جیت چکی ہیں—فوٹو: فیس بک
شرمین عبید چنائے پہلے بھی آسکر سمیت دیگر ایوارڈ جیت چکی ہیں—فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں