سابق کرکٹر کے متنازع بیان پر انوشکا شرما سیخ پا

اپ ڈیٹ 06 نومبر 2019
انوشکا شرما نے سابق بھارتی کرکٹر فروخ انجینئر کے الزامات پر برہمی کا اظہار کیا— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
انوشکا شرما نے سابق بھارتی کرکٹر فروخ انجینئر کے الزامات پر برہمی کا اظہار کیا— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

بھارت کے کپتان اور سپر اسٹار ویرات کوہلی کی اہلیہ و بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے سابق بھارتی کرکٹر فرخ انجینئر کے الزامات پر برہمی کا اظہار کیا جس پر سابق کرکٹر نے ان سے معافی مانگ لی۔

سابق بھارتی کرکٹر فرخ انجینئر نے کپتان ویرات کوہلی کو ٹیم کا حد سے زیادہ اثرورسوخ رکھنے اور سلیکٹر کے بے بس ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: انوشکا شرما نے کامیاب شادی شدہ زندگی کا راز بتادیا

فرخ انجینیئر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ویرات کوہلی طاقتور کپتان ہیں اور سلیکشن کمیٹی کی بھی ان کے سامنے نہیں چلتی۔

اس گفتگو کے دوران وہ یہاں تک کہہ گئے کہ ورلڈ کپ کے دوران انڈین سلیکٹرز کا یہ عالم ہے کہ ایک سلیکٹر کوہلی کی اہلیہ انوشکا کو چائے تک بنا کر پیش کرتے تھے۔

'ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کے ساتھ موجود سلیکٹرز میں سے ایک کو تو میں جانتا بھی نہ تھا، ایک شخص انڈین ٹیم کا بلیزر پہنا ہوا تھا اور جب میں نے اس کے بارے میں پوچھا تو پتہ کہ وہ سلیکٹر ہے اور ان کا کام صرف یہ تھا کہ وہ انوشکا شرما کے لیے چائے لے کر جائیں'۔

انہوں نے موجودہ بھارتی سلیکشن کمیٹی کو نااہل اور 'مکی ماؤس سلیکشن کمیٹی' قرار دیا اور کہا کہ یہ اس نوکری کے کس طرح اہل ہو سکتے ہیں اور ان لوگوں نے مجموعی طور پر بمشکل 10 سے 12 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔

82سالہ سابق کرکٹر نے گفتگو کے دوران دلیپ وینگسارکر کو بھارتی ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے سب سے موزوں شخصیت قرار دیا۔

مجھے اس معاملے سے دور رکھیں

انوشکا شرما نے ٹوئٹر پیغام میں فرخ انجینر کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ میرے متعلق اس حد تک جھوٹ بولا گیا کہ وہ سچ لگنے لگا، میری خاموشی پر اس سب کو سچ تصور کر لیا گیا لیکن آج میں اس معاملے کا خاتمہ کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نے کافی عرصے تک یہ سب برداشت کیا اور میری خاموشی سے تاثر لیا گیا کہ جو کچھ من گھڑت اور جھوٹ گھڑے گئے، وہ سب سچ ہے لیکن اب بہت ہو چکا اور میں کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دوں گی کہ وہ میرے نام کا غلط استعمال کرے۔

انوشکا نے کہا کہ کسی کی خاموشی کو کمزوری تصور نہیں کرنا چاہیے اور کوئی یہ نہ مجھے کہ وہ مجھے اپنے خیالات اور عقائد کے لیے ایجنڈے کے طور پر استعمال کر لے گا۔

یہ بھی پڑھیں: انوشکا نے 29 برس کی عمر میں ویرات کوہلی سے شادی کیوں کی؟

بالی وڈ اداکارہ نے فرخ انجینئر کو مشورہ دیا کہ وہ اگر ٹیم، سلیکشن یا کرکٹ بورڈ پر کوئی بھی تنقید کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں لیکن خبر کو سنسنی خیز بنانے کے لیے ان کا نام استعمال نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اگلی مرتبہ آپ کسی فرد، کرکٹ بورڈ یا میرے شوہر پر کوئی الزام لگائیں تو حقائق کے ساتھ بات کریں اور مجھے اس سب سے دور رکھیں۔

معروف بھارتی اداکارہ کی اس ٹوئٹ کے بعد فرخ انجینئر نے دو قدم پیچھے ہٹتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کیا اور معافی بھی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کہ میں تو ایسے ہی چند باتیں کہہ گیا تھا اور میڈیا نے رائی کا پہاڑ بنا دیا۔

بھارت کے ریپبلک ٹی وی کے مطابق سابق کرکٹر نے کہا کہ بے چاری انوشکا کو اس سارے معاملے میں گھسیٹ لیا گیا، وہ ایک اچھی لڑکی ہیں، کوہلی ایک شاندار کپتان اور روی شاستری بہترین کوچ ہیں، اس معاملے کو بلاوجہ غیرضروری طور پر اتنا اچھالا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں