'کسی بھی مذموم مقصد کیلئے قربانیوں کے ثمرات رائیگاں نہیں جانے دیں گے'

04 نومبر 2019
جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی — فوٹو: آئی ایس پی آر
جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی — فوٹو: آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہتر امن و استحکام کی صورتحال قوم، قومی اداروں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے اور کسی بھی مذموم مقصد کے لیے ان قربانیوں کے ثمرات کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 226ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

اجلاس میں ملکی و خطے کی سیکیورٹی صورتحال، داخلی سلامتی، مشرقی سرحد، جیو اسٹریٹجک حالات، ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہتر امن و استحکام کی صورتحال قوم، قومی اداروں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے اور ان قربانیوں کے ثمرات کو کسی بھی مذموم مقصد کے لیے رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اہم قومی معاملات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مسلسل ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملکی اداروں کی مدد کے لیے آئین اور قانون کے تحت تمام تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی، افواج پاکستان مشرقی سرحد اور ایل او سی سمیت ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں