بنگلہ دیش کو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں شکست، بھارت نے سیریز بھی جیت لی

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2019
بھارت نے سیریز 0-2 سے جیت لی — فوٹو:اے پی
بھارت نے سیریز 0-2 سے جیت لی — فوٹو:اے پی

بھارتی کرکٹ ٹیم نے سیریز کے دوسرے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو باآسانی ایک اننگز اور 46 رنز سے شکست دے کر تیسرے روز ہی فتح حاصل کرلی اور سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو بنگلہ دیش کی ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی تاہم مشفق الرحیم جیسے تجربہ کار بلے باز 59 رنز بنا کر موجود تھے۔

عبادت حسین تیسرے روز آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد 184 کے مجموعے پر مشفق الرحیم بھی پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 74 رنز بنائے تھے۔

بنگلہ دیش کا مجموعی اسکور 195 رنز پر پہنچا تو الامین حسین بھی یادیو کی وکٹ بن گئے، بنگلہ دیش کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز الامین حسین تھے جنہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔

مزید پڑھیں:دوسرا ٹیسٹ: بنگلہ دیش کو بھارت کے خلاف مشکلات کا سامنا

گزشتہ روز زخمی ہوکر میدان سے باہر ہونے والے تجربہ بلے باز محموداللہ بیٹنگ کے لیے واپس نہیں آسکے جس کے باعث بنگلہ دیش کی اننگز کو ختم کر دیا گیا اور بھارت کو اننگز سے کامیابی مل گئی۔

بھارت نے بنگلہ دیشی ٹیم کو 195 رنز پر آؤٹ کرکے میچ ایک اننگز اور 46 رنز سے جیت لیا اور سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

قبل ازیں کلکتہ میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں گزشتہ روز بنگلہ دیش کے دو کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے جس کا ٹیم پر منفی اثر پڑا جبکہ مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں ناقص بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا اور پوری ٹیم 106 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

بھارت کی جانب سے یادیو نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں، اشانت شرمات نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اشانت شرما کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ بھارت نے سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بھی ایک اننگز اور 130 رنز کے واضح مارجن سے جیت کر برتری حاصل کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں