ڈیفنس کراچی سے لڑکی کا اغوا، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس،رپورٹ طلب کرلی

اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2019
وزیر اعلیٰ نے لڑکی کے اغوا کاروں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کردی — فائل فوٹو / اے پی
وزیر اعلیٰ نے لڑکی کے اغوا کاروں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کردی — فائل فوٹو / اے پی

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بخاری روڈ ڈیفنس سے لڑکی کے اغوا اور ایک لڑکے کو گولی مارنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے ڈیفنس میں حارث کو گولی مارنے اور دعا منگی کے اغوا پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کر لی۔

مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو زخمی نوجوان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے اور لڑکی کے اغوا کاروں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس قسم کے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر واقعے کی پیشرفت رپورٹ دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈیفنس میں گھر کے باہر سے نوجوان لڑکی اغوا

واضح رہے کہ گزشتہ رات ڈیفنس خیابان بخاری کمرشل سے کار سوار ملزمان نے دعا نامی لڑکی کو زبردستی اغوا کیا اور لڑکی کے ساتھ موجود حارث نامی نوجوان کو فائرنگ سے زخمی کرکے فرار ہوگئے۔

واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں زخمی نوجوان حارث کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق حارث دوستوں سے ملنے کا کہہ کر گھر سے گیا تھا اور بعد میں اسی نے خود کے گولی لگنے کی اطلاع دی۔

مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جبکہ پولیس نے واقعے کے عینی شاہد رکشہ ڈرائیور کا مکمل بیان بھی قلمبند کر لیا جس کے مطابق اس نے صرف گولی چلنے کی آواز سنی۔

مزید پڑھیں: کراچی: ہسپتال کے باہر سے 16 سالہ لڑکی اغوا

دوسری جانب پولیس نے جائے وقوع کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہے۔

پہلی فوٹیج میں دعا اور حارث کو چہل قدمی کرتے دیکھا گیا جبکہ دوسری فوٹیج میں ملزمان کی جانب سے لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھاتے اور فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں