'لوگوں کو ٹیلنٹ کی بنا پر پرکھیں'

اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2019
مہوش حیات کا شمار پاکستان کی نامور اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو: انسٹاگرام
مہوش حیات کا شمار پاکستان کی نامور اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو: انسٹاگرام

رواں سال پاکستان کی دو نامور اداکارائیں ماہرہ خان اور مہوش حیات 2019 کی پرکشش خواتین کی ٹاپ ٹین لسٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

برطانوی جریدے کی جانب سے تیار کی گئی ایک فہرست میں ایشیا کی 50 پرکشش خواتین کی فہرست جاری کی گئی جن میں پاکستانی خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

جہاں مداح اس خبر کے سامنے آنے کے بعد مہوش حیات کو مبارکباد دیتے نظر آئے وہیں اداکارہ اس فہرست کا حصہ بن کر زیادہ خوش نظر نہیں آئیں۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان اور مہوش حیات پاکستان کی پرکشش خواتین قرار

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس فہرست میں جگہ بنانے کے حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں مہوش حیات نے لکھا کہ انہیں بہت سے پیغامات موصول ہورہے ہیں جن میں انہیں مبارکباد دی گئی تاہم وہ خوش نہیں۔

انہوں نے لکھا کہ 'مجھے خوش ہونا چاہیے کہ میں ایشیا کی پرکشش خواتین کا حصہ بنی اور ایمانداری سے 10 سال قبل میں پہلی پاکستانی خاتون تھی جو اس فہرست کا حصہ بننے میں کامیاب ہوئی تھی'۔

اداکارہ کے مطابق 'ایک دوسرے سے موازنہ کرکے تعریف کرنا؟ اب لوگوں کو ان کے ٹیلنٹ، ان کے کام، ان کے مزاج پر پرکھنا چاہیے، وقت تبدیل ہورہا ہے اور اس قسم کی فہرستوں کو ماضی میں ہی چھوڑ دینا چاہیے'۔

واضح رہے کہ مہوش حیات آخری مرتبہ رواں سال چھلاوا نامی فلم کا حصہ بنی جس میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔

ان کی 'عنایا' نامی ویب سیریز بھی رواں سال سامنے آئی تھی، اداکارہ نے تاحال اپنے کسی نئے پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں