پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ پرنس پرل نامی گاڑی رواں ہفتے متعارف کرائی جارہی ہے۔

پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق یہ ہیچ بیک گاڑی ملک میں 19 دسمبر کو متعارف کرائی جارہی ہے۔

ریگل موٹرز اس گاڑی کو تیار کررہی ہے اور اسے امید ہے کہ یہ یونائیٹڈ براوو اور نئی سوزوکی آلٹو کو سخت ٹکر دے سکے گی۔

گزشتہ سال یونائیٹڈ براوو گاڑی کو مقامی مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا تھا جو سوزوکی مہران کے مقابلے پر پیش کی گئی تھی۔

پاک سوزوکی نے 2019 میں مہران کی پروڈکشن ختم کرکے نئی 660 سی سی آلٹو کو متعارف کرایا اور پرنس پرل مہران کو ختم کیے جانے سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لیے پیش کی جارہی ہے۔

یہ گاڑی 800 سی سی انجن سے لیس ہوگی جس میں 4 اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق یہ گاڑی ایندھن کی بچت میں بھی مددگار ہوگی جو فی لیٹر 18 کلومیٹر کی ایوریج دے گی جبکہ دیگر فیچرز جیسے پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ، ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر، 5.8 انچ کا انفوٹینمنٹ ٹچ اسکرین سسٹم، بلیوٹوتھ اور ایس ڈی کارڈ، اسکرین مررنگ، اے سی سسٹم اور دیگر نمایاں ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کہ اس گاڑی کی قیمت 10 لاکھ روپے تک ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ریگل اٹوموبائل انڈسٹریز لمیٹڈ نے لاہور میں اسمبلنگ پلانٹ تعمیر کیا تھا جو ملک میں تیسری بڑی بائیک اسمبل کرنے والی کمپنی بھی ہے۔

آٹو پالیسی برائے سال 21-2016 میں نئے سرمایہ کاروں کے لیے مراعات کے اعلان کے بعد ریگل آٹو موبائلز لمیٹڈ نے چینی کمپنی کے تعاون سے پاکستان میں آٹو کے شعبے میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا تھا۔

اس کمپنی نے چین کی ڈی ایف ایس کے گروپ کے ساتھ تیکنیکی شراکت داری کا معاہدہ کیا تھا تاکہ پرنس کے نام سے گاڑیاں اسمبل کرسکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں