نامور اداکارہ زیبا شہناز کا بھتیجا لندن میں اغوا کے بعد قتل

اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2019
محمد شاہ سنحانی کو رواں سال رمضان میں گرفتار کیا گیا — فوٹو: فیس بک
محمد شاہ سنحانی کو رواں سال رمضان میں گرفتار کیا گیا — فوٹو: فیس بک

رواں برس مئی میں اغوا ہونے والے پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کی نامور اداکارہ زیبا شہناز کے 27 سالہ بھتیجے محمد شاہ سبحانی کے قتل کی خبر سامنے آگئی۔

زیبا شہناز کے بھتیجے کے قتل کی خبر کا اعلان غیر سرکاری تنظیم جے ڈی سی کے رہنما نے ایک ویڈیو میں کیا۔

اس ویڈیو میں سماجی کارکن ظفر عباس کے ہمراہ اداکارہ زیبا شہناز اور ان کے بھائی بھی موجود تھے۔

اداکارہ اس موقع پر نہایت آبدیدہ نظر آئیں اور اپنے بھتیجے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ رواں برس مئی میں ان کے بھتیجے کو اغوا کیا گیا تھا جس کی تلاش کا سلسلہ گزشتہ 8 ماہ سے مسلسل جاری تھا۔

انہوں نے اپنے بھتیجے کے حوالے سے کہا کہ 'شاہ سبحابی ہمارے خاندان کا ایسا بچہ تھا جس کی ہر کوئی تعریف کرتا تھا کہ وہ سب کا خیال رکھنے والا اور ماں باپ کو چاہنے والا تھا اور اس کا واحد شوق صرف جم جانا تھا'۔

واقعے سے متعلق زبیا شہناز نے دعویٰ کیا کہ 'میرے بھتیجے سے کسی نے رقم ادھار لی تھی جس کی واپسی کا وہ مطالبہ کررہا تھا'۔

انہوں نے بتایا کہ 'مطالبے کے باوجود اسے رقم واپس نہیں ملی، پھر یکم رمضان کو شاہ سبحان کو ایک کال موصول ہوئی کہ وہ آکر اپنے پیسے لے لے'۔

زبیا شہناز نے بتایا کہ 'میرا بھتیجا دوپہر ساڑھے تین بجے اپنے والدکی گاڑی لے کر گیا لیکن افطار تک واپس نہیں آیا'۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ 'وہ اپنے ہر لمحے کی اطلاع والدین کو دیتا تھا، کہ کب جم جارہا ہے، کب کھیلنے جارہا ہے، لیکن اس مرتبہ صرف اس کی گاڑی ملی تھی'۔

محمد شاہ سبحانی — فوٹو: فیس بک
محمد شاہ سبحانی — فوٹو: فیس بک

جے ڈی سی کے رہنما نے یہ بھی بتایا کہ رمضان المبارک میں بھتیجے کی گمشدگی کی اطلاع ملنے کے بعد زیبا شہباز 17 رمضان کو لندن روانہ ہوگئی تھیں۔

زیبا شہناز نے بتایا کہ انہیں امید تھی کہ شاہ سبحانی مل جائے گا کیوں کہ اس کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھتیجے کی شادی کو صرف 4 ماہ ہی گزرے تھے اور ابھی اس کی ایک ماہ 20 دن کی بیٹی ہے۔

دوسری جانب بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق لندن پولیس نے محمد شاہ سبحانی جنہیں 'شاہ' نام سے پکارا جاتا تھا کہ قتل کیس میں ایک 67 سالہ خاتون سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

فوٹو: میٹ پولیس
فوٹو: میٹ پولیس

اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کو محمد شاہ سبحانی کی لاش ان کے گھر سے 24 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک جنگل سے ملی۔

پولیس کے مطابق محمد شاہ سبحانی کسی عورت کے بلانے پر پیسے لینے وہاں پہنچا تھا۔

ویڈیو میں اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ اس عورت نے لڑکوں کے ساتھ مل کر ان کے بھتیجے کو قتل کیا، یہ عورت لندن ایئرپورٹ سے بھارت فرار ہورہی تھی جب پولیس نے اسے گرفتار کیا۔

مقتول کی بہن قیرات سبحانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھائی کے قتل پر انصاف ملنے کا مطالبہ کیا۔

قیرات سبحانی کا کہنا تھا کہ 'کسی نے میرے بھائی کو بےدردی سے قتل کردیا، اس کی لاش جنگل میں دفن کردی تاکہ کوئی ثبوت نہ مل سکے اور اب ہمیں صرف اس کی باقیات (ہڈیاں) ملی ہیں، یہ بات زندگی بھر ہمیں خوفزدہ رکھے گی'۔

فوٹو: فیس بک
فوٹو: فیس بک

زیبا شہناز کا اس دکھ کے موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص اس مشکل کے موقع پر ان سے ملنے نہیں آیا۔

تبصرے (0) بند ہیں