والدین اکثر پریشان رہتے ہیں کہ ان کے بچوں کی غذائی عادات صحت کے لیے نقصان دہ ہیں مگر اس کا حل بہت آسان ہے۔

درحقیقت اگر بچوں کو ایسے کھانے پکانے کے ٹی وی پروگرام دکھائے جائیں جن میں صحت بخش غذاﺅں کو دکھایا جاتا ہے، تو اس سے صحت بخش غذاﺅں کی جانب ان کے رجحان میں اضافے کا امکان 3 گنا بڑھ جاتا ہے۔

یہ دعویٰ نیدرلینڈ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

تلبرگ یونیورسٹی کی تحقیق میں 10 سے 12 سال کی عمر کے 125 بچوں کو ایک کھانے پکانے کا ٹی وی پروگرام دکھایا گیا جو بچوں کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

پروگرام دیکھنے پر بچوں کو انعام کے طور پر مختلف کھانے کی چیزوں میں سے کسی ایک چیز کے انتخاب کی چھوٹ دی گئی، جن میں سے کچھ چیزیں صحت کے لیے زیادہ مفید تھیں۔

جریدے جرنل آف نیوٹریشن ایجوکیشن اینڈ بی ہیوئیر میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ صحت کے لیے فائدہ مند پروگرام کو دیکھنے والے بچوں نے صحت کے لیے مفید اشیا جیسے سیب، کھیرے کے چند ٹکڑے کا انتخاب کیا جبکہ چپس وغیرہ جیسی نقصان دہ اشیا پر توجہ نہیں دی۔

محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ کھانے پکانے کے پروگرام ایک ایسا ٹول ثابت ہوسکتے ہیں جو بچوں میں غذائی ترجیحات کے حوالے سے مثبت تبدیلیاں لانے میں مدد دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی تحقیقی رپورٹس میں یہ دریافت کیا گیا تھا کہ بچے اس وقت صحت بخش غذا کو کھانے کو ترجیح دیتے ہیں جب وہ کسی پکوان کی تیاری کا حصہ بن جائیں، مگر تیار شدہ غذائیں اور تازہ غذاﺅں کی تیاری کی تربیت کی کمی بچوں میں کھانا پکانے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔

محققین کے مطابق ٹی وی پروگرام میں صحت بخش غذاﺅں کو نظروں کے سامنے دیکھنا اور ان کے کھانے کی مقدار کو جاننا بچوں کو زیادہ بہتر انتخاب میں مدد دے سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں