کیا آپ یقین کریں گے کہ جڑواں بہن اور بھائی کی پیدائش میں ایک دہائی کا فرق ہو؟

مگر ایسا امریکا میں دیکھنے میں آیا جہاں انڈیانا میں جڑواں بچوں کی پیدائش 2 مختلف دہائیوں میں ہوئی۔

ایسا اس لیے ہوا کیونکہ ان کی ماں نے 31 دسمبر 2019 کی شب کو 30 منٹ کے وقفے سے لڑکی اور لڑکے کو جنم دیا۔

رپورٹ کے مطابق جوسلین گریس گولین تیلو کی پیدائش 31 دسمبر 2019 کو رات 11 بج کر 37 منٹ پر ہوئی جبکہ اس کے بھائی جیکسن ڈی وائن ملز تیلو کی دنیا میں آمد یکم جنوری 2020 کو رات 12 بج کر 7 منٹ پر ہوئی۔

انڈیانا کے شہر کارمل کے سینٹ ونسٹن کارمل ہسپتال میں پیش آنے والے واقعے نے جڑواں بچوں کے والدین کو حیران کردیا۔

وہ اس لیے بھی حیران تھے کہ ان بچوں کی پیدائش مقررہ وقت سے 7 ہفتے قبل ہوئی تھی اور انہوں نے سوچا نہیں کہ دونوں بچے مختلف دہائیوں میں پیدا ہوں گے۔

ایسا پہلی بار نہیں جب کیلنڈر میں آنے والی تبدیلی سے اس طرح کا واقعہ سامنا آیا ہو۔

31 دسمبر 2018 کو رات 11 بج کر 58 منٹ اور 18 منٹ بعد یکم جنوری 2019 کی شب کو جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، اس طرح دونوں کی پیدائش کا دن اور سال الگ ہوگیا۔

2016 میں میساچوسٹس کے کیپ کوڈ ہسپتال میں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی مگر وہاں بالکل ہی عجیب منظر دیکھنے میں آیا۔

ایک بچے کی پیدائش رات ایک بج کر 39 منٹ پر ہوئی جبکہ دوسرے کی رات 2 بج کر 10 منٹ پر، مگر ڈے لائٹ سیونگز ٹائم کا اطلاق ہوا جس میں وقت 2 بجے ایک گھنٹے پیچھے ہوگیا تو بعد میں پیدا ہونے والے بچے کی پیدائش کا وقت ایک بج کر 10 منٹ رہا اور وہ بعد میں پیدا ہونے کے باوجود بڑا بھائی قرار پایا۔

تبصرے (0) بند ہیں