نامور پاکستانی اداکار عدنان ملک نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا کہ وہ کبھی بھی اداکار بننے کے خواہشمند نہیں تھے کیوں کہ وہ بےچینی و اضطراب جیسی کیفیات سے دوچار ہیں اور اب اداکارہ ماورا حسین نے بھی انکشاف کیا کہ وہ انزائٹی کا شکار ہیں۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس کیفیت کے حوالے سے بات کی اور مداحون کو کچھ مشورے دیے۔

ماورا حسین نے اپنے ڈرامے 'داسی' کی ایک کلپ شیئر کی اور بتایا کہ انہوں نے ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کس طرح کیا اور وہ اب کس طرح اپنا خیال رکھ رہی ہیں۔

اپنی پوسٹ میں ماورا نے لکھا کہ 'ایک سال قبل مجھے پتا چلا تھا کہ میں انزائٹی کا شکار ہوں لیکن اب میں اس بات سے شرمندہ نہیں'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ان کا کہنا تھا کہ 'اب یہ میرا حصہ ہے اور اب میں بہتر انداز میں اس مسئلے کو حل کرپا رہی ہوں'۔

اداکارہ کے مطابق 'اب جب میں بےچینی کا شکار ہوتی ہوں تو اپنی فیملی یا دوستوں سے دور نہیں بھاگتی، میں ان سے شیئر کرتی ہوں اور مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں پہلے سے کافی مضبوط ہوچکی ہوں، میں یہ سب اس لیے بتا رہی ہوں کہ وہ افراد جو انزائٹی کا شکار ہیں وہ یہ جان لیں کہ وہ بیمار نہیں اور اس کیفیت کی وجہ سے شرمندہ نہ ہوں'۔

ماورا حسین نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میں اپنے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تھراپسٹ کے پاس بھی جاتی رہی، جنہوں نے مجھے یہ بتایا کہ میں جتنا زیادہ اس سے ڈروں گی میری صورتحال اور خراب ہوجائے گی اور اس ہی دن میں نے فیصلہ کیا کہ اب اپنی اس کیفیت سے خوفزدہ نہیں ہوں گی۔

اداکارہ کے مطابق 2020 میں وہ باآسانی یہ بتاسکتی ہیں کہ وہ کب انزائٹی کا شکار ہوتی اور اسے باآسانی کنٹرول بھی کرسکتی ہیں۔

وہ بہت سارا پانی پیتی اور عبادت میں وقت گزار کر اس کیفیت کو بغیر کسی کی مدد کے کنٹرول کرپاتی ہیں۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ 'جو بھی میری یہ پوسٹ پڑھ رہا ہے اور انزائٹی کا شکار ہے، وہ کسی تھراپسٹ یا فیملی ممبر کی مدد لے، اگر خود کو ٹوٹا ہوا محسوس بھی کرے تو یہ جان لے کہ وہ بہادر ہے رونے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کمزور ہے اور ہر نیا دن بہتری لاتا ہے'۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ماورا کی بہن اداکارہ عروہ حسین نے بھی سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا کہ وہ ڈپریشن کا شکار ہیں۔

جبکہ ان دونوں بہنوں نے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ ان کی نظر میں غذائی انتخاب ڈپریشن کی واحد وجہ ہے جس کے بعد انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں