پاکستانی شہری نیویارک پولیس کی رضاکار فورس کے معاون ڈپٹی چیف مقرر

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2020
ناصر سلیم عہدہ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اور مسلمان ہیں— فوٹو: اے پی پی
ناصر سلیم عہدہ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اور مسلمان ہیں— فوٹو: اے پی پی

پاکستانی نژاد امریکی پولیس افسر کو نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی رضاکار فورس کا معاون نائب سربراہ منتخب کرلیا گیا۔

سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ناصر سلیم نیوریارک پولیس میں 30 سالہ ملازمت کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ 5 ہزار اہلکاروں پر مشتمل فورس کے معاون ڈپٹی چیف مقرر کیے جانے والے پہلے پاکستانی اور مسلمان ہیں۔

رضاکار فورس نیویارک شہر کے علاقوں میں پولیس کی ’آنکھوں اور کان‘ کے طور پر کام کرتی ہے اور اس سلسلے میں پیدل، گاڑی اور سائیکل پر گشت کرتی ہے۔

عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر سلیم نے کہا کہ ’یہ بہت بڑا اعزاز ہے، میرے پاس بیان کرنے کو الفاظ نہیں، میں اپنا یہ نیا اعزاز پاکستان کے نام کرتا ہوں‘۔

ناصر سلیم کو ایک تقریب میں نیا عہدہ دیا گیا تھا جس میں سینئر پولیس حکام اور پاکستانی برداری کے اراکین شریک تھے۔

تقریب کے دوران پاکستانی نژاد پولیس افسران کیپٹن عدیل رانا اور لیفٹیننٹ ضیغم عباس نے ناصر سلیم کے یونیفارم پر بیجز لگائے۔

علاوہ ازیں نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے چیف آف پیٹرول فوستو پیچاردو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ناصر سلیم کے 28 سال اور 14 ہزار گھنٹے رائیگاں نہیں گئے‘۔

خیال رہے کہ معاون پولیس افسران کو پولیس کی مطلوبہ سروسز کو حالات کا مشاہدہ کرنے اور رپورٹ کرنے اور دیگر فرائض میں معاونت کی تربیت دی جاتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں