نسیم شاہ کا نیا عالمی ریکارڈ، ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر باؤلر بن گئے

اپ ڈیٹ 12 فروری 2020
نسیم شاہ ٹیسٹ میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے چوتھے پاکستانی باؤلر بن گئے— فوٹو: اے ایف پی
نسیم شاہ ٹیسٹ میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے چوتھے پاکستانی باؤلر بن گئے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر نے نسیم شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی اور بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ہیٹ ٹرک کی بدولت وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے کم عمر ترین فاسٹ باؤلر بن گئے۔

راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 212 رنز کی برتری حاصل کی تھی جس کے جواب میں مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے لیے تھے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مثبت انداز میں دن کے اختتام اور مزید کوئی وکٹ نہ گنوانے کے لیے پرامید تھی لیکن نسیم شاہ نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

نسیم نے اپنے 8ویں اوور کی چوتھی گیند پر نجم الحسن شانتو کی 38رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا کر اہم شراکت کا خاتمہ کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر نائٹ واچ مین تیج الاسلام کو بھی ایل بی ڈبلیو کردیا۔

نوجوان فاسٹ باؤلر نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اوور کی آخری گیند پر محمد محمود اللہ کو سلپ میں آؤٹ کردیا، اور اس طرح انہوں نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے کم عمر فاسٹ باؤلر کا اعزاز حاصل کر لیا۔

نسیم شاہ نے جب یہ اعزاز حاصل کیا تو ان کی عمر 16 سال 359 دن تھی، اس سے قبل کم عمری میں ہیٹ کرنے کا اعزاز بنگلہ دیش کے اسپن باؤلر الوک کپالی کے پاس تھا، جنہوں نے سال 2003 میں 19 برس کی عمر میں پاکستان کے خلاف پشاور میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پاکستان کے چوتھے باؤلر ہیں اور ان سے قبل وسیم اکرم 2 مرتبہ جبکہ محمد سمیع اور عبدالرزاق ایک، ایک مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں