ہولی وڈ اداکارہ صوفی ٹرنر کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع

شائع February 13, 2020
جوڑے کے ہاں رواں برس کے آخر تک بچے کی پیدائش متوقع ہے — فوٹو: ای آن لائن
جوڑے کے ہاں رواں برس کے آخر تک بچے کی پیدائش متوقع ہے — فوٹو: ای آن لائن

شہرہ آفاق پولیٹیکل تھرلر فنٹیسی ڈراما ’گیم آف تھرونز‘ سے کیریئر کی شروعات کرنے اور اسی ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ صوفی ٹرنر اور امریکی گلوکار جوئے جونس کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

جوئے جونس امریکی گلوکار نک جونس کے بڑے بھائی ہیں اور انہوں نے گزشتہ برس مئی میں اچانک صوفی ٹرنر سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

جوئے جونس اور صوفی ٹرنر کے درمیان گزشتہ کئی سال سے تعلقات تھے اور دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا۔

گزشتہ برس شہرہ آفاق ڈرامے گیم آف تھرونز کے اختتام کی وجہ سے یہ خبریں تھیں کہ صوفی ٹرنر جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی اور پھر انہوں نے امریکا میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران اچانک سادگی سے جوئے جونس سے شادی کرلی تھی۔

اب شادی کے ایک سال بعد خبر سامنے آئی ہے کہ صوفی ٹرنر امید سے ہیں اور جلد ہی جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

دونوں نے گزشتہ برس مئی میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں نے گزشتہ برس مئی میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

شوبز ویب سائٹ ’ای آن لائن‘ نے اپنی رپورٹ میں جوڑے کے متعدد قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ صوفی ٹرنر امید سے ہیں اور رواں سال کے اختتام سے قبل ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

رپورٹ میں اداکارہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امید سے ہونے کے بعد اداکارہ نے اپنی مصروفیات کم کرنے سمیت اپنے لباس میں بھی تبدیلی کردی ہے جب کہ جوئے جونس اور اس کے اہل خانہ بھی انتہائی خوش ہیں۔

صوفی ٹرنر کو گیم آف تھرونز سے شہرت ملی—فائل فوٹو بزنس انسائڈر
صوفی ٹرنر کو گیم آف تھرونز سے شہرت ملی—فائل فوٹو بزنس انسائڈر

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوفی ٹرنر اور جوئے جونس کو گزشتہ ماہ جنوری میں آخری بار ایک ساتھ گریمی ایوارڈز کی تقریب میں دیکھا گیا تھا اور اس وقت ہے چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں کہ صوفی ٹرنر امید سے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صوفی ٹرنر اور گلوکار جوئے جونس نے شادی کرلی

خیال رہے کہ صوفی ٹرنر اور جوئے جونس کی عمر میں 6 سال کا فرق ہے، جوئے جونس کی عمر 30 جب کہ صوفی ٹرنر کی عمر 24 برس ہے۔

جوئے جونس نے متعدد میوزیکل ایوارڈ حاصل کر رکھے ہیں اور وہ گلوکاری کرنے سمیت اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔

ان کے چھوٹے بھائی نک جونس بھی گلوکار ہیں جب کہ بڑے بھائی کیون جونس بھی گلوکار اور اداکار ہیں۔

جونس برادران امریکی شوبز و میوزک انڈسٹری میں شہرت رکھتے ہیں اور ان کا سب سے چھوٹا بھائی 18 سالہ فرینکی جونس بھی چائلڈ آرٹسٹ ہے۔

صوفی ٹرنر نے 18 برس کی عمر میں معروف ڈرامے ’گیم آف تھرونز‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ ڈرامے کے پہلے سیزن سے اس کا حصہ رہی ہیں، اس ڈرامے کا آٹھواں اور آخری سیزن گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔

دونوں نے تاحال پہلے بچے کی پیدائش کے حوالےسے کچھ نہیں کہا—فوٹو: ہارپر بازار
دونوں نے تاحال پہلے بچے کی پیدائش کے حوالےسے کچھ نہیں کہا—فوٹو: ہارپر بازار

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024