ماہرہ خان سے مل کر خوشی ہوئی، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

اپ ڈیٹ 18 فروری 2020
انہوں نے پاکستانی اداکارہ کے ہمراہ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کی — فوٹو: ٹوئٹر
انہوں نے پاکستانی اداکارہ کے ہمراہ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کی — فوٹو: ٹوئٹر

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، اسلام آباد میں افغان مہاجرین پر عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے چار روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں افغان مہاجرین کے وفد سے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان، افغان مہاجرین سے ملاقات

انتونیو گوتریس سے ملاقات کرنے والے وفد میں افغانستان، یمن اور تاجکستان کے نمائندگان بھی شامل تھے۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان سے بھی ملاقات کی جو مہاجرین کی خیر سگالی سفیر بھی ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں انتونیو گوتریس نے لکھا کہ 'افغان مہاجرین کے ساتھ پاکستان کی یک جہتی کے 40 سال مکمل ہوچکے ہیں، اس دوران مہاجرین کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی'۔

انہوں نے ماہرہ خان سمیت تمام پاکستانیوں کا غیر معمولی تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب ماہرہ خان نے بھی ایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنے جواب میں لکھا کہ انہیں بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مل کر بےحد خوشی ہوئی۔

خیال رہے کہ افغان مہاجرین کے وفد سے ملاقات کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں سب سے زیادہ پناہ گزین موجود ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر 27 لاکھ پناہ گزین موجود ہیں جبکہ افغان جنگ سے 24 لاکھ رجسٹرڈ پناہ گزین متاثر ہوئے تھے۔

انتونیو گوتریس نے مہاجرین کی میزبانی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ (یو این) کے مہاجرین سے متعلق ذیلی ادارے یونائنٹڈ نیشنز ہائی کمشنر فار رفیوجیز (یو این ایچ سی آر) نے اداکارہ ماہرہ خان کو 2019 میں اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان اقوام متحدہ کی ’مہاجرین‘ کی خیرسگالی سفیر مقرر

اس وقت ماہرہ خان نے کہا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک ایسے ملک میں پیدا ہوئیں جو گزشتہ 40 سال سے دنیا بھر کے مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے۔

ماہرہ خان کو خیر سگالی سفیر تعینات کرنے کی تقریب اسلام میں منعقد ہوئی تھی جس میں اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ کمنشر آپریشن نے انہیں سند دی تھی۔

اداکارہ کو خیر سگالی سفیر کی سند بھی دی گئی تھی—فوٹو: یو این ایچ سی آر انسٹاگرام
اداکارہ کو خیر سگالی سفیر کی سند بھی دی گئی تھی—فوٹو: یو این ایچ سی آر انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں