پاکستان کے نامور اداکار و گلوکار علی ظفر نے مداحوں کے پرزور اصرار کے بعد پاکستان سپر لیگ کے لیے گانا تیار کرلیا لیکن اس کی ویڈیو وہ نہیں بلکہ ان کے مداح ہی بنائیں گے۔

علی ظفر نے اپنے مداحوں کو موقع دیا کہ وہ ان کے پی ایس ایل گانے کی ویڈیو کا حصہ بن سکیں اور اس کے لیے اداکار نے ایک ویڈیو بھی جاری کردی۔

مزید پڑھیں: 'گانا یا ایونٹ نہیں چلا تو ذمہ دار کوئی اور نہیں صرف علی ظفر'

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کردہ ویڈیو میں علی ظفر نے کہا کہ ان کا گانا تیار ہوچکا ہے، اب باری ہے ویڈیو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'گانا میں نے بنایا ہے، ویڈیو بنائیں گے آپ، بہت آسان ہے، اپنا فون نکالیں، یا کوئی اچھا دوست ہے جس کے پاس کیمرا ہے، یا وہ ڈائیریکٹر ہے، یا کوریوگرافر ہے، یا فلم ساز ہے تو اس کو بلائیں، دوستوں کو ساتھ میں اکٹھا کریں، یا اکیلے میں کریں، جو ڈانس اسٹیپس میں آپ کو ابھی کرکے دکھاؤں گا وہ کریں ویڈیو بنائیں اور نیچے دیے گئے آئی ڈی پر بھیجیں'۔

یہ بھی پڑھیں: 'کچھ بلاگرز کو خرید کر 'تیار ہو' ترانے پر تنقید کروائی'

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے آفیشل گانے 'تیار ہو' کی ریلیز کے بعد مداح خاصے مایوس ہوگئے تھے جبکہ پی ایس ایل افتتاحی تقریب کے بعد بھی علی ظفر سے گانا بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جس کے بعد علی ظفر نے ایک ٹیزر کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی مداحوں کے لیے ایک گانا تیار کریں گے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ویڈیو میں علی ظفر نے مداحوں کو یہ ڈانس اسٹیپس بھی سکھائے۔

ویسے تو دیکھنے میں یہ ڈانس خاصا مشکل نظر آرہا ہے البتہ گلوکار کے مطابق یہ مشکل نہیں آسان ہے اور پریکٹس کے بعد کوئی بھی کرسکتا ہے۔

اگر آپ بھی علی ظفر کے پی ایس ایل کے لیے بنائے گانے کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو جلد اپنی ویڈیوز تیار کرلیں۔

تبصرے (0) بند ہیں